25.5 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 26, 2025
ہومکھیل کی خبریںقومی ٹیم میں اب میچ ونرز کم ہیں، گراس روٹ لیول پر...

قومی ٹیم میں اب میچ ونرز کم ہیں، گراس روٹ لیول پر کام کی ضرورت ہے ،شاہد آفریدی

- Advertisement -

گلگت۔17اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں قومی ٹیم میں میچ ونر کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ تھی، مگر آج ایسے کھلاڑی کم نظر آتے ہیں۔ گلگت میں کشمیر سپر لیگ کے ٹرائلز کے دوران مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل کے لیے گراس روٹ لیول پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔

خاص طور پر 16 تا 19 سال کے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کی صحیح تربیت ضروری ہے، مگر بدقسمتی سے آج کل کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد سیکھنا شروع کرتے ہیں۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمیں نچلے لیول پر ایسے تگڑے اور باصلاحیت افراد کی ضرورت ہے جو کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کر سکیں۔

- Advertisement -

انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈومیسٹک کرکٹ کا نظام کسی بیوروکریٹ کے سپرد کیا گیا تو اسے نہ خود سمجھ آئے گی اور نہ ہی وہ اسے درست طریقے سے چلا سکے گا۔ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین ہمیشہ سیاسی بنیادوں پر تعینات ہوتا ہے، اور صرف چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا اثر و رسوخ ہوتا تو وہ آج پی سی بی کے چیئرمین ہوتے، تاہم اگر وہ پی سی بی میں آئے تو صرف پاکستان کی خدمت کے لیے آئیں گے، انہیں کسی کنٹریکٹ یا ذاتی مفاد کی ضرورت نہیں۔

سابق کپتان نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہاں ٹیلنٹ موجود ہوا تو وہ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے جی بی حکومت سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کو کرکٹ کے لیے میدان اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرے تاکہ یہاں کے کھلاڑی بھی قومی سطح پر نمایاں ہو سکیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583446

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں