قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور لاہور پہنچ گئے

لاہور۔28 جولائی(اے پی پی )قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کے دو اراکین ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور گزشتہ روز غیر ملکی فلائیٹ سے لاہور پہنچ گئے، دونوں نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ اور گذشتہ چند سالوں کی پرفارمنس کی رپورٹ کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے جسے مکمل کرنے کے بعد پی سی بی حکام کے حوالے کرےں گے، مکی آرتھر اور گرانٹ فلاور ورلڈکپ سمیت قومی ٹیم کی تین سالہ کارکردگی پر پی سی بی حکام کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے، دونوں کوچز کا کنٹریکٹ ورلڈ کپ تک تھا تاہم مکی آرتھر قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، ورلڈ کپ میں پاکستان کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر چیف سلیکٹر کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی جبکہ کپتان سرفراز احمد سے بھی تینوں فارمیٹ میں سے کسی ایک یا دو کی کپتانی کی ذمہ داری واپس لئے جانے کا امکان ہے۔