قوم شہداء کی تصویروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی ،مریم نواز شریف

130

ملتان۔ 11 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج وہ شخص یوٹیوب پر بیٹھ کر ان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے جن کی تنصیبات کو آگ لگانے نکلا تھا۔اتوار کے روز شجاع آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ 1999 اور 2017 میں نواز شریف کی حکومتیں چھینی گئیں، ان کو لاپتہ کردیا گیا، جیلوں میں قید کیا گیا لیکن انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ کسی چیز کو آگ لگادیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کیا جو ملک بناتا ہو وہ ملک جلا سکتا ہے، درد اسی کو ہوگا جو اس مٹی کا بیٹا ہے، ہم نے بہت بار ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، جمہوری جدو جہد کے ذریعے ظلم کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کیا ہاتھ سے گیا، اصلیت کھل کر قوم کے سامنے آگئی، اپنا ملک جلا دیا، اقتدار جانے کا اتنا صدمہ تھا کہ اپنے ملک کو آگ لگادی، شہدا کی یادگاریں جلادیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پتا نہیں کس کے بھیجے ہوئے لوگ تھے جنہوں نے شہدا کی تصاویر کی بے حرمتی کی۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا، بے حرمتی کی وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور نہ کسی معافی کے، یہ قوم آخر تک تمہارا پیچھا کرے گی، تمیں چین سے رہنے نہیں دے گی۔