قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی پرملی نغموں کےمقابلے،خواہشمند افراد 30 جون تک اپنا ملی نغمہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر یں اور مقابلے کا حصہ بن جائیں

148

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کے اشتراک سے قیام پاکستان کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلہ میں ملی نغمہ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کر لی گئیں ، دلچسپی رکھنے والوں کو 30 جون تک تمام ملی نغمے آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز اور آئی ایس پی آر کے اشتراک سے قیام پاکستان ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی میں ملی نغمے کے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس مقصد کے لئے ویب سائٹwww.nationalsong75.com بنائی گئی ہے ۔ تمام خواہشمند افراد کو کہا گیا ہے کہ وہ 30 جون سے قبل اس ویب سائیٹ پر اپنا ملی نغمہ اپ لوڈ کر کے مقابلوں میں حصہ لیں ۔ ٹیلی ویژن ، فلم ڈائریکٹر شعیب منصور نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستان کو بنے جب 40 سال ہوئے تو پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنے سینٹرز کے مابین مقابلہ کرایا تھا جو کہ ’’دل دل پاکستان‘‘ نے جیت لیا تھا ، آج پاکستان کو بنے 75سال ہوگئے ہیں جس کومنانے کے لئے ایک بار پھر ملی نغموں کا مقابلہ ہونے جارہا ہے ، پاکستان بھر سے کوئی بھی گلوکار،پروڈیوسر یا میوزیشن اس مقابلے میں حصہ لے سکتا ہے ، آپ جہاں کہیں سے بھی ہیں ،کسی بھی عمر کے ہیں، مثبت سوچیئے ۔انہوں نے کہا کہ’’ دل دل پاکستان ‘‘جیسے ملی نغمے بنانے والے چند دن بعد ہی مقبول ہوگئے ، اب ہر کوئی ان کو جانتا ہے ۔

نئی نسل بھی ایک اچھا ملی نغمہ بنا کران بلندیوں کو چھو سکتی ہے ۔معروف اداکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آرٹسٹ اپنے جذبات کا اظہار آرٹ کے ذریعے اورمیوزیشن اپنے جذبات کا اظہار موسیقی کے ذریعے کرتے ہیں ، پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ملی نغمہ کےمقابلوں کا انعقاد ہورہا ہے ، یہ ہمارے پروڈیوسرزاور گلوکاروں کے لئے وطن سے محبت کے اظہار کا انمول موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں حصہ لینے والوں میں سے کسی ایک کی آواز پورے پاکستان میں گونجنے والی ہے ۔