لاڑکانہ ۔7دسمبر (اے پی پی):پورے ملک کی طرح لاڑکانہ میں بھی 7 دسمبر کو قومی ووٹر ڈے کے طور پر منایا گیا۔اس موقع پر لاڑکانہ ڈپٹی کمشنر کے دربار ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ریجنل الیکشن کمشنر لاڑکانہ عبدالرحمن آرائیں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاڑکانہ عطاء اللہ بروہی اور الیکشن آفیسر کاشف عنایت سومرو نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے مذکورہ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ قوم کے روشن مستقبل کے لیے ووٹ کا حق استعمال کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ووٹر کو مکمل تحفظ فراہم کرے گا تاکہ تمام ووٹرز مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ ووٹ دینے کی طاقت ان کے پاس ہے اور عوام ووٹ دیتے وقت اپنا اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھیں اور عوام پر زور دیا کہ وہ الیکشن کے حوالے سے بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں،
مہمانوں نے الیکشن کو بہتر اور کامیاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی دیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری اسکولوں، کالجوں اور مختلف اداروں میں آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ ووٹرز کو الیکشن کے بارے میں مزید معلومات مل سکیں۔ اجلاس میں تعلیم، صحت، سماجی بہبود، محکمہ اطلاعات اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں معذور افراد اور خواتین کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔