12.1 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںلاہورہائیکورٹ سموگ تدارک ، سکولوں کے باہر ڈراپ لائنز نہ بننے پر...

لاہورہائیکورٹ سموگ تدارک ، سکولوں کے باہر ڈراپ لائنز نہ بننے پر چیف ٹائون پلانر ذاتی حیثیت میں طلب

- Advertisement -

لاہور۔28فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سکولوں کی چھٹی کے وقت مکمل ٹریفک پلان ہونا چاہیے ،سکولز انتظامیہ سے مشاورت کر کے معلوم کیا جائے کہ چھٹی کے اوقات کیا ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر ایل ڈی اے سکولوں کی چھٹی کے وقت ٹریفک کو ون وے کردے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے سی ٹی او کو ٹریفک پلان بنانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

دوران سماعت عدالت نے ہدایت کی کہ سکولوں کی چھٹی کے دوران سروس روڈ پر ون وے کی خلاف ورزی کی صورت میں دس ہزار روپے جرمانہ کیا جائے،عدالت نے مزید کہا کہ ایک کیمرہ نصب کیا جائے جو مانیٹرنگ کرے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کئے جائیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جمعہ کے روز دوران سماعت عدالتی حکم پر ٹریفک پولیس کے اعلی حکام سمیت دیگر محکموں کے افسران پیش ہوئے۔

- Advertisement -

سماعت کے دوران ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سکولوں کے باہر ڈراپ لائنز بنانے کے حوالے سے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)کو نوٹس جاری کیا گیا تھا مگر وہ خاموش ہے، اس پر عدالت نے چیف ٹائون پلانر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا حکم دیا۔ ایل ڈی اے کے وکیل نے موقف اپنایا کہ چار کنال سے بڑے اسکولوں کو ڈراپ لائنز بنانے کے احکامات دیے جا رہے ہیں۔ عدالت نے سکولوں کے لیے پارکنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چیف ٹائون پلانر کو ایسے آئیڈیاز کے ساتھ آنا چاہیے۔

دوران سماعت واسا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاہور کے نالوں کو کور کرنے کے منصوبے کا پی سی ون تیار ہو چکا ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ گلبرگ کے نالے کو کور کر کے بہت کچھ بنایا جا سکتا ہے۔ واسا کے وکیل نے موقف دیا کہ یہ نالے برسات میں لاہور کو بچاتے ہیں اس لیے ان کو مکمل کور کرنا مشکل ہے۔

ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹریفک وارڈنز کے لیے ہیلتھ الائونس کی سمری آئی جی پولیس نے بھجوا دی ہے جس پر عدالت نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ سمری منظور کی جائے۔۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567256

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں