لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی بجلی چوری مہم جاری

151
LESCO

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی ( لیسکو) انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔لیسکو ترجمان کے مطابق 140 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک17417ملزمان کو گرفتار کیا گیا،مجموعی طور پر48489ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اور48033 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے45268درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک6کروڑ87 لاکھ99ہزار505 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2ار ب67کروڑ51 لاکھ 16ہزار715ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 455کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے183درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی جبکہ5ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7کمرشل،4زرعی اور444ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے3لاکھ 68ہزار813یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ12 لاکھ 85283 روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے جن کے کنکشنز منقطع اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انارکلی کے علاقے میں کنکشن کو200,000روپے،گلشن راوی کے علاقے میں کنکشن کو 120,000روپے،شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو110,000روپے اورشادباغ کے علاقے میں ایک کنکشن کو 106,250 روپے چارج کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔

اسی طرح آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔