لاہور۔24اپریل (اے پی پی):لاہور ٹریفک پولیس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان (آج) جمعرات کو قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے اہم میچ کے لیے ٹریفک پلان اور پارکنگ انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق میچ کے دوران چھ سو کے قریب ٹریفک وارڈنز اور افسران سیکورٹی اور ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ 20 فورک لفٹرز اور 4 بریک ڈاون گاڑیاں ہمہ وقت تیار رہیں گی تاکہ رانگ پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ڈیفنس سے آنے والے افراد فردوس مارکیٹ اور سنٹر پوائنٹ سے ہوتے ہوئے سی بی ڈی میں گاڑیاں پارک کریں گے ۔ فیروز پور روڈ سے آنے والے شہری کلمہ چوک سے نیشنل پارک کے راستے گورنمنٹ کالج گلبرگ میں پارکنگ کریں گے۔ڈیفنس اور کینٹ سے آنے والے شائقین حسین چوک یا شیر پاو برج کے ذریعے مین بلیوارڈ گلبرگ سے لبرٹی پارکنگ پہنچیں گے۔
مغلپورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے افراد مین بلیوارڈ گلبرگ کے ذریعے سن فورٹ ہوٹل لبرٹی پارکنگ کا رخ کریں۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ کسی بھی روڈ کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا اور تمام مرکزی سڑکیں بشمول مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ معمول کے مطابق ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں سے اپیل کی کہ رانگ پارکنگ سے گریز کریں اور صرف مقررہ پارکنگ سٹینڈز میں ہی گاڑیاں پارک کریں تاکہ ٹریفک روانی متاثر نہ ہو۔ مزید یہ کہ شہریوں کو راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے بروقت معلومات فراہم کی جاتی رہیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586908