لاہور۔27مئی (اے پی پی):لاہور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کی جانب سے بھرپور انسداد تجاوزات مہم جاری ہے۔اس مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کے نتیجے میں 2800 سے زائد مستقل و عارضی تجاوزات کو مسمار کیا گیا جبکہ 21 ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔انسداد تجاوزات آپریشنز سلمان پارک، گلشن یاسین کالونی، ویلنشیا ٹائون، نشتر روڈ، عبد الستار ایدھی روڈ، بابو صابو، داتا گنج بخش زون، راوی زون، آشیانہ روڈ، سبزہ زار، لیاقت چوک، جمیل ٹائون، مال روڈ اور دیگر علاقوں میں انجام دیئے گئے۔
تجاوزات کی سنگین خلاف ورزیوں پر 6 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے۔ بینرز، پوسٹرز اور سٹیمرز کی بھاری تعداد بھی ہٹا دی گئی تاکہ شہر کی خوبصورتی کو بحال کیا جا سکے۔چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیہ کی زیر نگرانی اور ایم او آر ہیڈکوارٹر کاشف جلیل کی قیادت میں ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ آپریشنز کو بلا تفریق جاری رکھتے ہوئے لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یہ مہم جاری ہے اور اس کا مقصد شہر کو خوبصورت بنانا اور شہریوں کو کشادہ سڑکیں فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک لاہور مکمل طور پر تجاوزات سے پاک نہیں ہو جاتا، یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602057