لاہور ہائیکورٹ نےٹیکسی ڈرائیور کے قتل کے ملزم کوشک کا فائدہ دے کر بری کر دیا

121

لاہور۔20فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔لاہورہائیکوٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منگل کو ملزم کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی ، مقدمہ تاخیر سے درج ہوا اور مقدمہ درج کرتے وقت کوئی ملزم نامزد نہیں تھا جبکہ ملزم الفت کو بعد میں نامزد کیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مدعی کے مطابق ملزم الفت کی بیوی کا مقتول شفیق کے ساتھ تعلق تھا۔ مدعی کے مطابق ملزم الفت نے اس وجہ سے بھائی شفیق کو قتل کیا جبکہ ملزم الفت کی بیوی کے موبائل سے ملنے والی مقتول شفیق کی تصاویرکا فرانزک نہیں کروایا گیا اور گواہوں کے بیانات میں بھی تضاد پایا گیا لہذا عدالت ملزم کو بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔ ملزم الفت کو تھانہ پاکپتن میں درج مقدمے میں جولائی 2018 میں نامزد کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے 2019 میں ملزم الفت کو سزائے موت کا حکم دیا تھا۔