لاہور۔28جنوری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تشکیل اور ملازمین کی بھرتیوں کے طریقہ کار کیخلاف کیس میں درخواست گزار کو ترمیمی پٹیشن دائر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پٹیشن واپس کر دی۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی درخواست گزار رایا کلب کے وکیل نے دلائل دئیے۔ وکیل نے موقف اختیار کیاکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تشکیل اور ملازمین کی بھرتیاں قانون کے مطابق نہیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کو اپنی قانونی تشکیل تک ٹیکس وصولی کا اختیار نہیں ۔وکیل نے استدعا کی عدالت حکومت کو پنجاب ریونیو اتھارٹی ازسر نو قانون کے مطابق تشکیل کا حکم دے۔
عدالت پی آر اے کو ازسر نوتشکیل تک ٹیکس وصولی سے روکنے کا حکم دے۔ عدالت نے قرار دیاکہ عدالت ایسا ریلیف نہیں دے سکتی جو درخواست میں مانگا نہ گیا ہو۔ آپ کی اپنی پٹیشن میں واضع نہیں کہ استدعا کیا کر رہے ہیں۔ درخواست میں ترمیم کر کے لائیں تا کہ استدعا واضع ہو سکے۔ عدالت نے درخواست گزار کو ترمیمی پٹیشن دائر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پٹیشن واپس کر دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552914