25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومعلاقائی خبریںلاہور ہائیکورٹ کی ستمبر 2022 تا جون 2023 کی کارکردگی رپورٹ جاری،...

لاہور ہائیکورٹ کی ستمبر 2022 تا جون 2023 کی کارکردگی رپورٹ جاری، مجموعی طور پر 1 لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے

- Advertisement -

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ میں ستمبر 2022 تا جون 2023 کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ 37 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے،ضلعی عدلیہ میں مجموعی طور پر 56 لاکھ 17 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے جبکہ خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز میں مجموعی طور پر 1 لاکھ58 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے، یہ رپورٹ پیر کے روز لاہور ہائی کورٹ کے عدالتی سال کے آغاز پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی زیر صدارت عدالت عالیہ لاہور میں فل کورٹ اجلاس میں پیش کی گئی ۔

فل کورٹ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمدخان، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عابد عزیز شیخ سمیت لاہور ہائی کورٹ کے دیگر ججز موجود تھے۔ جسٹس جواد حسن نے راولپنڈی بنچ، جسٹس محمد طارق ندیم نے بہاولپور بنچ اور جسٹس محمد رضا قریشی نے ملتان بنچ سے ویڈیو لنک کے ذریعے فل کورٹ اجلاس میں شرکت کی۔

- Advertisement -

اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے رجسٹرار شیخ خالد بشیر بھی موجود تھے۔ فل کورٹ کے آغاز میں لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس شاہد کریم کے والد جسٹس (ر) فضل کریم مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ فل کورٹ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ انتظامیہ کے تمام ونگز بشمول ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور لاہور ہائی کورٹ اسٹیبلشمنٹ کے تمام ونگز سے متعلق ستمبر 2022 تاجون2023 تک کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کو تمام جج صاحبان نے سراہا اور اسکو مزید بہتر کرنے کے لئے اپنی تجاویز بھی دیں۔

اجلاس میں مصدقہ نقول کے حصول کے لئے چارجز بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ مصدقہ نقل کیلئے فی کاغذ چارجز 2 روپے سے بڑھا کر 3 روپے کرنے کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ رول میں ترمیم کر دی گئی۔ پراگریس رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ عدالتی سال ستمبر 2022 تا جون 2023 کے دوران لاہور ہائی کورٹ میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 37 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔ فل کورٹ اجلاس میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں ہونے والا یہ چوتھا فل کورٹ اجلاس ہے۔

اس کے علاوہ چیف جسٹس کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی کے 26 اجلاس بھی باقاعدگی سے منعقد کئے گئے۔ جن میں جوڈیشل افسران کے معاملات سمیت دیگر انتظامی معاملات کو نمٹایا گیا۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے جولائی 2021 میں منصب سنبھالا، فاضل چیف جسٹس کی قیادت میں لاہور ہائی کورٹ میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 10 ہزار کے قریب مقدمات کے فیصلے کئے گئےجبکہ ضلعی عدلیہ میں مجموعی طور پر 56 لاکھ 17 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے ہوئے۔

اسی طرح خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز میں مجموعی طور پر 1 لاکھ58 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے ہوئے۔چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے افسران و ملازمین آئندہ بھی اس ادارے کی سربلندی و وقار کے لئے ترقی کی اس رفتار کو قائم و دائم رکھنے کیلئے شبانہ روز کوشاں رہیں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ کسی بھی ادارے کا سٹاف اسکی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور انکے لئے یہ بات باعثِ فخر ہے کہ جس ٹیم کا انہوں نے انتخاب کیا تھا وہ ان کی توقعات پر پوری اتر رہی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صوبے کی عوام کو بہترین اور سستے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے کے ساتھ ساتھ وکلا، سائلین، ججز اور سٹاف کیلئے بھی تمام سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا، تاکہ بنچ اور بار دونوں شانہ بشانہ اس ادارے کی عظمت و بقا اور انصاف کی ترسیل کے لئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386612

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں