18.2 C
Islamabad
اتوار, مارچ 23, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںلندن،ہیتھرو ایئر پورٹ کو آتشزدگی کے باعث بند ، 1351 پروازیں متاثر

لندن،ہیتھرو ایئر پورٹ کو آتشزدگی کے باعث بند ، 1351 پروازیں متاثر

- Advertisement -

لندن۔21مارچ (اے پی پی):برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں یورپ کے مصروف ترین ایئر پورٹ ہیتھرو کو آتشزدگی کے باعث 24 گھنٹے کے لیے بند کردیا گیا،بجلی کی بندش سے وسیع تر نواحی علاقہ بھی تاریکی میں ڈوب گیا۔ اے ایف پی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایک بجلی کے سب سٹیشن میں آتشزدگی کے باعث ایئرپورٹ بند کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کے باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے جو آئندہ چند دن تک جاری رہ سکتی ہیں ،ایئر پورٹ دوبارہ کھلنے تک مسافروں کو اس جانب رخ نہیں کرنا چاہیے۔ آن لائن فلائٹ ٹریکنگ سروس (فلائٹ ریڈار 24) کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کی بندش سے یہاں آنے اور جانے والی کم از کم 1351 پروازیں متاثر ہوں گی۔لندن کے فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 10 فائر انجن اور 70 کے قریب فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ قریباً 150 لوگوں کو قریبی املاک سے نکال لیا گیا ہے۔

- Advertisement -

فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن نے کہا کہ آگ کی وجہ سے بجلی کی بندش نے بڑی تعداد میں گھروں اور مقامی کاروباروں کو متاثر کیا ہے اور ہم رکاوٹ کو کم کرنے کے لئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔فلائٹ ریڈار 24 کے ترجمان ایان پیٹ چینک نے کہا کہ ہیتھرو دنیا کے بڑے مراکز میں سے ایک ہے، اس حادثے سے تمام دنیا میں ایئر لائنز کے آپریشنز میں خلل پیدا ہو گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ تک چلنے والی ٹرین سروس بھی مکمل طور پر بند رہے گی، ہیز کے بجلی گھر میں آگ لگنے کے باعث لندن کے 16 ہزار سے زائد گھر بھی بجلی سے محروم ہوگئے ہیں ۔ ہیتھرو ایئر پورٹ آنے والی فلائٹس کو نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ کے مختلف ایئرپورٹس پر لینڈ کروایا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575035

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں