لوک گلوکار شرافت علی خان ٹریفک حادثے میں بھائی ، دو کز نوں اور تین ساتھیوں سمیت جاں بحق

776
لوک گلوکار شرافت علی خان ٹریفک حادثے میں بھائی ، دو کز نوں اور تین ساتھیوں سمیت جاں بحق

دریاخان۔12اکتوبر (اے پی پی):معروف لوک گلوکار شرافت علی خان تری خیلوی کی گاڑی پکا گھنجیرہ کے قریب نہر مہاجر برانچ میں گر گئی ، حادثے میں گلوکار شرافت علی خان اس کا بھائی، بہنوئی دو کزن سمیت 7 افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

معروف سرائیکی گلوکار شرافت علی خان اس کا بھائی سنگر انوار علی خان اپنے کزن اور ساتھیوں کے ساتھ چھدرو کے علاقے میں رات گئے شادی پر موسیقی پروگرام میں شرکت کے بعدواپس گھر میانوالی جا رہے تھے کہ انکی تیز رفتار گاڑی علاقہ پکس گھنجیرہ واں بھچراں کے قریب مہاجر برانچ پکا گھنجیرہ پل کے کمزور سے پشتے کو توڑ کر گہرے پانی میں جا گری جس سے تمام افراد پانی میں ڈوب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

گاڑی کے نہر میں گرنے کے شور پر لوگوں نے قریبی مساجد میں امدادی کارروائیوں کے لئے اعلانات کروائے ۔ میانوالی سے ریسکیو 1122 اہلکار ، واں بھچراں تھانہ کی مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ،ریسکیو کے غوطہ خوروں نے تمام 7 نعشیں نکال کر ڈی ایچ کیو میانوالی منتقل کیں جن کوضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا ۔

جاں بحق ہونے والے 7 افراد میں شرافت علی خان ، انوار علی خان ، نجف علی خان ، مقدر خان ، طاہر عباس ، ملک اشفاق اور عامر علی خان شامل تھے۔ حادثے کی اطلاع پر میانوالی میں سنگر شرافت علی انوار علی اور ساتھیوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا،لوگ جوق درجوق ان کے گھر پہنچ گئے۔

معروف گلوکار شرافت علی خان نے پی ٹی وی کے کئی پروگرامز میں بھی شرکت کی۔ وہ فوک گلوکاری میں اپنا ایک مقام رکھتے تھے۔ اس کے ساتھ وہ ایک خدمت کا جذبہ بھی رکھتے تھے اور حقدار لوگوں کی خفیہ خدمت کرتے رہتے تھے۔ ان کے بے شمار گیت مقبول ہوئے جن میں ۔

گلہ تیڈا کر یئے اسیں مر نہ جائیے ۔بندہ ایڈے پروں ملن جو آوے۔روز کسے دیاں یاداں وچ رونڑاں پیندا اے سمیت کئی گانے مقبول ہوئے ہیں ۔ ان کے ساتھ ان کے بھائی انوار علی خان بھی اچھے گلوکار تھے۔ المناک حادثے میں انتقال پر پورے علاقے کی فضاء سوگوار رہی۔