اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی) :صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ لیبرفورس ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔ لیبر فورس اور نوجوانوں کومعیشت کوتیز رفتار ترقی پر گامزن کرنے کے لیے جدید مہارتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے،یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ اس سال ہم یکم مئی کو یوم مزدور اس عزم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ مزدور کے وقار کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں گے اور ان کے بنیادی حقوق کے لیے مزدوروں کی بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کریں گے۔
یہ دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یادلاتا ہے بلکہ معاشی ترقی میں ان کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کارکن اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں اور ان کا تعاون صنعتی کارکردگی کے لیے ضروری ہے جو بالآخر ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود، مزدوروں کو بہت سے مسائل ہیں جن میں غیر محفوظ ماحول، غیر منصفانہ مزدوری کے طریقے، کم اجرت، ملازمت کے تحفظ کی کمی، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنا، کام کے طویل اوقات اور من مانی برطرفی جیسے مسائل شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لیبرفورس ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور محنت کے غیر منصفانہ طریقوں کی حوصلہ شکنی کے لیے لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔
صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان کے پاس ایک بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے جنہیں معیشت کو تیز رفتار ترقی پر گامزن کرنے کے لیے جدید مہارتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گی۔انہوں نے اس موقع پر میں ملک کے محنت کشوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور متحرک ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے آجروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔صدرمملکت نے کہاکہ اس دن آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے آپ کو پاکستان کی خوشحالی اور شان کے لیے وقف کریں گے۔