اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب غیر ملکی شہریوں کو لے جانے والی کشتی کے الٹنے کے نتیجے میں 4 پاکستانیوں سمیت 11 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے منگل کو اس بات کی تصدیق کی کہ مشرقی لیبیا میں ایک کشتی کا سانحہ پیش آیا ہے جس میں پاکستانی شہری بھی سوار تھے۔ ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ طرابلس میں پاکستان کے مشن نے اطلاع دی ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو لے جانے والی کشتی حروا کے ساحل، سرت شہر (مشرقی لیبیا) کے قریب ڈوب گئی۔ پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کے سرت شہر کے دورے نے تارکین وطن کی 11 لاشوں کی بازیابی کی تصدیق کی ہے۔
ان میں سے 4 کی شناخت ان کی قومی دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کے طور پر کی گئی ہے۔ دو لاشیں ابھی تک ناقابل شناخت ہیں۔ شناخت شدہ پاکستانی شہریوں میں زاہد محمود ولد لیاقت علی ساکنہ گوجرانوالہ، سمیر علی ولد راجہ عبدالقدیر ساکنہ منڈی بہائوالدین، سید علی حسین ولد شفقت الحسنین ساکنہ منڈی بہائوالدین اور آصف علی ولد نذر محمد ساکنہ منڈی بہائوالدین شامل ہیں۔ بیان کے مطابق طرابلس میں سفارت خانہ متاثرہ پاکستانی شہریوں کے بارے میں مزید معلومات اکٹھا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور وہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے
جبکہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں معلومات کے لئے فون نمبر 051-9207887 اور ای میل: cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582374