لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم جاری ،17ہزار604 ملزمان گرفتار

Anti Electricity Theft Campaign
Anti Electricity Theft Campaign

لاہور۔20فروری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران 55 ہزار 367 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 51 ہزار66 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17ہزار604 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 47 لاکھ 7 ہزار927یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2 ارب 86 کروڑ51 لاکھ 34 ہزار570روپے ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 409 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 156 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل، 1 زرعی اور394 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 3 لاکھ 41 ہزار 37 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1 کروڑ 14لاکھ 87 ہزار 139روپے ہے۔بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

الکریم گارڈن کے علاقے میں 5 لاکھ روپے، مناواں کے علاقے میں 3 لاکھ روپے، باٹاپور کے علاقے میں 2 ملزمان کو 3،3 لاکھ روپےچارج کئے گئے ہیں ۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔