مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کی12 ویں برسی کے حوالے سے فیصل آباد میں تقریب کا انعقاد

166
12th anniversary of Arfa Karim
12th anniversary of Arfa Karim

فیصل آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی):دنیا کی کم عمر ترین ورلڈ مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل مرحومہ ارفع کریم کی12 ویں برسی کے حوالے سے پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تقریب منعقد ہوئی جس میں مسلم لیگی رہنما چوہدری عابد شر علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ارفع کریم کے والد کرنل(ر)امجد کریم رندھاوا، ڈاکٹر نجمہ افضل،یسین کسانہ، مروا بسرا،محمد اختر بٹ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل اسد حیات، اساتذہ،طالب علم اور سوسائٹی کے افراد شریک تھے۔

شرکاء نے ارفع کریم کی لازوال خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ لائل پور تخلیقی عمل کا ایک گہوارہ ہے جس کی ایک بہترین مثال فیصل آبادسے تعلق رکھنے والی ارفع کریم ہے جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر کے ایک عظیم تاریخ رقم کی جس کی مثال صدیوں میں ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارفع کریم نے بیسک ونڈو ایپلیکیشنز کے علاوہ کیلکولیٹر اور سی کامرس کے پروگراموں کو بھی تشکیل دیا ان کے انسٹرکٹروں کا اندازہ تھا کہ ارفع کریم کو ونڈوز ایپلیکیشنز بنانے میں ایک سال کا عرصہ درکار ہو گا لیکن ارفع کریم نے یہ امتحان چار ماہ میں پاس کرلیا۔

کمپیوٹر کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعزاز میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے انہیں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا جو کہ لائل پور میوزیم کے شوکیس میں موجود ہے۔اس موقع پر ارفع کریم کے والد نے چوہدری عابد شیر علی کو ارفع کی زندگی پر تحریر کردہ کتاب بھی پیش کی۔مختلف سکولوں کے بچوں نے ٹیبلوز کے ذریعے ارفع کریم کو خراج عقیدت پیش اور اس کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔