25.5 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 26, 2025
ہومعلاقائی خبریںماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور اسموگ کے خاتمے کےلئے کمشنر پشاور...

ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور اسموگ کے خاتمے کےلئے کمشنر پشاور ڈویژن کی تمام متعلقہ اداروں کو اقدامات کے لئے 38 گھنٹوں کی ڈیڈلائن

- Advertisement -

پشاور۔ 29 دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور اسموگ کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر نتیجہ خیز اقدامات شروع کرنے کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور،محکمہ ماحولیات،محکمہ ٹرانسپورٹ،محکمہ بلدیات،ڈبلیو ایس ایس پی،ٹریفک حکام،پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے 12 دسمبر سے اب تک کے اقدامات سے کمشنر پشاور ڈویژن کو تفصیلی آگاہی دی. اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے اب تک کئے گئے اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو نتیجہ خیز اقدامات کے لئے 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ دھواں چھوڑنے والی تمام گاڑیوں کو تحویل لینے کے لئے ابھی سے آپریشن شروع کیا جائے،اس کے علاوہ بغیر فلٹریشن پلانٹس کے تمام فیکٹریوں،کارخانوں،کرش پلانٹس اور بھٹہ خشت فیکٹریوں کو فوری بند کرنے،سڑکوں کے کنارے پڑا گند فوری طور پر صاف کرکے آج رات سے ہی سڑکوں کی دھلائی شروع کی جائے اور شہر کی صفائی صبح 8 بجے مکمل کر لی جائے۔

- Advertisement -

اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں میں جعلی موبل آئل کی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں پر جعلی اور استعمال شدہ موبل آئل میں کیمکل ملا کر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے پیکنگ میں پیک کیا جاتا ہے. جعلی موبل آئل کے استعمال کی وجہ سے گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج میں اضافہ ہو رہا ہے گھروں میں قائم جعلی موبل ائل کی فیکٹریوں کے خلاف فوری کارروائی کے لئے ڈپٹی کمشنر پشاور کو محکمہ انڈسٹریز کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کے احکامات جاری کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن نے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کر لی۔

اجلاس میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں اگلے ہفتے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر قیادت آگاہی واک کا اہتمام کیا جائے گا۔کمشنر پشاور ڈویژن نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے یکم جنوری بروز پیر دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=424808

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں