ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے،سفیر معین الحق کا آن لائن تقریب سے خطاب

178
چین میں پاکستانی سفیر نے سیچوان ایگریکلچر ایکسپو میں پاکستان نیشنل پویلین کا افتتاح کر دیا

بیجنگ۔18جنوری (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے زور دیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں مدد کے لیے عطیات جمع کرنے کے سلسلے میں چین میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا بائیو ڈائیورسٹی کنزورویشن اینڈ گرین فائونڈیشن (سی بی سی جی ڈی ایف) کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث 3کروڑ 30لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جس کے باعث لاکھوں افراد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فوری ضرورت ہے، پاکستان میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اور اس مشکل وقت میں بین الاقوامی ہمدردی اور حمایت انتہائی طمانیت کا باعث ہے اور جنیوا کانفرنس اس سلسلے کا مظہر تھی جس میں بین الاقوامی برادری نے پاکستان کے ساتھ مضبوط حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

پاکستانی سفیرنے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا بہت مضبوط حامی اور شراکت دار رہا ہے۔ چین امدادی پیکج کا اعلان کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہے اورسب سے بڑے عطیہ دینے والوں میں سے ایک ہے۔انہوں نےزندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے چینی دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ان کے گھروں کی تعمیر نو اور بحالی میں مدد کریں۔

اس موقع پر چائنا بائیو ڈائیورسٹی کنزورویشن اینڈ گرین فائونڈیشن (سی بی سی جی ڈی ایف) سیکرٹری جنرل ڈاکٹر زہو جن فینگ نے عالمی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات کو بڑھانے بارے آگاہی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفاد پر مشتمل مستقبل کے لیے ماحولیاتی تہذیب کی تشکیل میں عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔