ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی، وفاقی وزیر رانا تنویر احمد

158
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر احمد نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا ہے، ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی۔ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر نیشنل سکائوٹس ہیڈ کوارٹرز ، پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسو سی ایشن اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہےجس میں دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے اہداف، ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے تقریری مقابلہ، ڈرائنگ وپینٹگ سمیت کوئز کے مقابلہ جات منعقد کرائے گئے۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر احمد تھے۔ نیشنل ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف کمشنر پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسو سی ایشن سرفراز قمر ڈاہا نے مہمان خصوصی کو سکاؤٹ سلام کیا جبکہ سکاؤٹس نے سکاؤٹس تالیوں سے والہانہ استقبال کیا۔ افغانستان سکاؤٹس کا دستہ جو خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کے لئے موجود تھا مہمان خصوصی کو گلدستہ پیش کیا۔

سکاؤٹس سے اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا ہے لہذاًاپنے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی جس کے لئے ہمارے سکاؤٹس کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سرسبز بنانا ہے جس کے لئے سکائوٹس پر خصوصی طور پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہمیشہ کی طرح وہ نہ صرف شجر کاری مہم میں حصہ لیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک فعال ایجنٹ کی حیثیت سے معاشرے میں اپنا کردارادا کریں اور دوسروں کو ماحول کو محفوظ اور صاف رکھنے کی ترغیب دیں تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوشحال مستقبل مل سکے۔

اس موقع پر سکاوٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر سکاوٹس 2 پودے لگائے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے سکائوٹس میں سرٹیفیکٹ اور انعامات تقسیم کئے۔ چیف کمشنر سرفراز قمر ڈاہا نے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر احمد کو تقریب کی خصوصی شیلڈ پیش کی۔تقریب میں سجاد مسعود چشتی، فیصل دارا شیکو، ڈپٹی چیف سکاؤٹ کمشنر، محمد وسیم باری، عطرت نقوی سید جبکہ نیشنل ہیڈ کوارٹرز سے رباب خان، ڈائریکٹر ریسورس ڈویلپمنٹ نیک اختر جاوید، ڈائریکٹر یوتھ پروگرام لیاقت علی اعوان، ڈائریکٹر اڈلٹ ٹریننگ تمنا بنوری اور محمد توصیف صدیقی بھی موجودتھے۔