ماسٹر کارڈ اور فوڈ پانڈا کے درمیان پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے تعاون

223
ماسٹر کارڈ اور فوڈ پانڈا کے درمیان پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے تعاون

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):ماسٹر کارڈ اور آن لائن کھانے اور گروسری کی ڈیلیوری پلیٹ فارم فوڈ پانڈا نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور معیشت کو کیش لیس بنانے کے لیے تعاون کا اعلان کیا ہے۔منگل کو فوڈ پانڈا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فوڈ پانڈا کے ساتھ یہ شراکت ماسٹر کارڈ کی مالی شمولیت کے فروغ اور ملک کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں ملک میں زیر گردش کرنسی میں 11.2 فیصد اضافہ ہوا۔ نقد اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فرق کو کم کرنے کے لئے ماسٹر کارڈ اور فوڈ پانڈا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جو ڈیجیٹل ادائیگیوں کو بڑھا کر معیشت کو کیش لیس بنانے اور خطے کی ترقی میں مدد دیں گے۔یہ شراکت داری نقد کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔

فوڈ پانڈا کے نیٹ ورک کا فائدہ اٹھا کر ماسٹر کارڈ ملک بھر میں لاکھوں صارفین کو محفوظ اور فائدہ مند ادائیگی کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کرے گا اور ان کا استعمال بڑھائے گا۔ماسٹر کارڈ کے سینئر نائب صدر، ڈیجیٹل پارٹنرشپ ای ای ایم ای اے محمد نانا نے کہاکہ ہم اپنی عالمی مہارت کو فوڈ پانڈا کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ ملا کر ملک بھر کے صارفین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مزید آسان اور سہل بنا رہے ہیں۔ یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی کو تیز کرنے اور ملک کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں اہم قدم ہے۔صارفین ماسٹر کارڈ گولڈ اور ٹائیٹینیئم کارڈز پر MC20 کوڈ کے ذریعے 20فیصد رعایت اور پلاٹینم، ورلڈ اور ورلڈ ایلیٹ کارڈز پر MC30 کوڈ کے ذریعے 30فیصد رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ رعایت فوڈ پانڈا کی تمام خدمات جیسے کھانے کی ڈیلیوری، شاپنگ، گروسری اور کورئیر سروس پر دستیاب ہیں جو ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دیتی ہیں۔فوڈ پانڈا پاکستان کے سی ای او منطقہ پراچہ نے کہاکہ پاکستان میں سمارٹ فون کا بڑھتا ہوا استعمال اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری سے ملک کیش لیس سلوشنز کو تیزی سے اپنانے کے لیے تیار ہے۔ ماسٹر کارڈ کے ساتھ ہماری شراکت داری اس تبدیلی کو تیز کرے گی اور کیش آن ڈیلیوری (سی او ڈی) صارفین کو ڈیجیٹل صارفین میں بدل دے گی، چونکہ ہم بڑی تعداد میں صارفین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں،

یہ قدم نئی مارکیٹوں میں ہماری جدت اور مالی شمولیت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ مزید بر آں ماسٹر کارڈ اور فوڈ پانڈاکی جانب سے پیمنٹ سوئچ اقدام متعارف کرایا گیا تاکہ سی او ڈی استعمال کرنے والوں کو آن لائن ادائیگیوں کی جانب راغب کیا جاسکے،ادائیگی کے ترجیحی طریقے کے طور پر ماسٹر کارڈ کی ساکھ کو بڑھایا جائے اورخصوصی وائوچرز کے ذریعے کسٹمر ٹرائل مہم چلائی جاسکے۔یہ فیچر آرڈر دیتے وقت منتقلی کے مواقع کو بڑھاتا ہے جس سے ماسٹر کارڈ کے ذریعے سی او ڈی سے آن لائن ادائیگیوں پر منتقل ہوا جا سکتا ہے۔