ماضی میں پاکستان کی معیشت کو ٹارگٹ کرکے تباہ کیا گیا،وزیر اعظم اور ٹیم نے دن رات محنت کی جس کے نتائج آرہے ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

82
ماضی میں پاکستان کی معیشت کو ٹارگٹ کرکے تباہ کیا گیا،وزیر اعظم اور ٹیم نے دن رات محنت کی جس کے نتائج آرہے ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

فیصل آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے دورمیں پاکستان کی معیشت اور انڈسٹری کو ٹارگٹ کرکے تباہ کیا گیامگروزیر اعظم عمران خان سمیت ان کی معاشی ٹیم نے دن رات محنت کی جس کے نتائج آرہے ہیں اورکوروناکی وبا کے باوجود ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ حکومت کی پہلی کوشش معیشت کی بحالی تھی جس میں اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا کی اور اب ہم اس میں مستقل مزاجی لائیں گے جبکہ عمران خان اوران کی حکومت آپ کی پائی پائی کے محافظ ہیں لہٰذا عوام بے فکر ہوجائیں کیونکہ اب ان کی قیادت نہ خود اقربا پرور ہے اور نہ اپنے حواریوں کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت دے گی،

علاوہ ازیں ہم عوام اور بزنس کمیونٹی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایمانداری سے ٹیکسز کی ادائیگی شروع کردی ہے جس سے اب تعمیر و ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہورہا ہے کیونکہ کوئی بھی حکومت ٹیکسز کے بغیر نہیں چل سکتی اور نہ ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے تاہم اب ہمیں کامیابیوں کے سفر کو ہم نے آگے لیکر جانا اور ریلیف کیلئے اس طرح اقدامات کرنا ہے جس طرح صنعتی شعبے کو ریلیف دیاگیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی،مزید برآں قابضین سے اربوں روپے کی قیمتی اراضی واگزار کروائی گئی ہے جس پر ماضی کے حکمرانوں کے پروردہ افراد نے اپنے حواریوں کی مدد سے قبضہ کیا۔

اتوار کی دوپہر ضلع کونسل فیصل آباد آمد اور صحافیوں کیلئے کورونا موبائل ویکسی نیشن کیمپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی ہمارا قیمتی اثاثہ اور کارکن ماتھے کا جھومر ہیں لہٰذا جن کارکنوں کو کسی وجہ سے نظر انداز کیا گیایا ان کی حق تلفی ہوئی ان کے ساتھ ہونیوالی زیادتی کا ازالہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز، نرسز و پیرامیڈیکل سٹاف کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اسی لئے پنجاب بھر کے صحافیوں کی ویکسی نیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی قیادت صحافی برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ جس طرح ڈاکٹرز و ہیلتھ سٹاف لوگوں کو کورونا سے بچانے میں مصروف ہے اسی طرح کورونا کے خطرناک نتائج قوم کو آگاہ، عوام میں شعوری آگاہی اور حکومت کی رہنمائی میں بھی میڈیا کا اہم ترین کردار ہے اور وہ بھی سارا دن اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی پیشہ وارانہ صحافتی خدمات سر انجام دیتے ہیں اسلئے مشکل حالات میں فرائض سر انجام دینے والے معاشرے کی آنکھ، کان، ناک کا درجہ رکھنے والے صحافیوں کی زندگیاں بھی حکومت کیلئے انتہائی اہم ہیں اسی لئے ترجیحی بنیادوں پر ان کی ویکسی نیشن کا کام شروع کیا گیا ہے کیونکہ صحافی کا صحتمند رہنا معاشرے کے صحتمند رہنے کی نوید ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ صحافی اور اس سے جڑے تمام افراد جو مائیک کے پیچھے موجود رہ کر کام کرتے ہیں میڈیا انڈسٹری کے ان تمام کارکنان کا تحفظ بھی ہماری اولین ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کے حقوق کی بات آئے گی تو ہم ان کے حقوق کا ہراول دستہ ثابت ہوں گے جبکہ ہم نے کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں کورونا کا شکار صحافیوں کو مراعات دیں بلکہ شہید صحافیوں کو شہادت کا درجہ دیا اور وہی مراعات دیں کیونکہ فرنٹ لائن سپاہیوں میں صحافی بھی شامل ہیں اسی لئے پنجاب بھر کے صحافیوں کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ ایمانداری سے صحافتی ڈیوٹی سر انجام دینا جمہوریت کی مضبوطی کا ضامن ہے کیونکہ حکومت نے ہمیشہ مثبت تنقید سے سیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم تمام افراد مل کر پسماندگی، غربت، افلاس، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی کے خاتمہ میں حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے اس وقت تک سو فیصد کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آبادملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کی انڈسٹری پہلے تباہ حالی، زبوں حالی بلکہ بد حالی کا شکار تھی مگر اب انڈسٹریل سیکٹر کی جانب سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں اور آج ہم حکومتی کوششوں اور ان کی ٹیم کے اقدامات سمیت سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے سابق حکمرانوں کے پیدا کردہ گندے اور تعفن زدہ ماحول سے نکل آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے روشن،ترقی یافتہ، خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور یہی وہ تبدیلی ہے جس کا عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا اور اب قوم دیکھے گی کہ پاکستان کس برق رفتاری سے ترقی کی منازل کی جانب بڑھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی اعشاریے بتارہے ہیں کہ اب پھل لینے کا وقت آگیا ہے یہی نہیں بلکہ حکومت نے تاریخ میں پہلی با ر غیر ترقیاتی اخراجات جن کے ذریعے سابق حکمران نئی نئی لگژری گاڑیاں خریدتے اور پرتعیش طرز زندگی اختیار کرنے سمیت بلا وجہ مہنگے غیر ملکی دورے کرتے ان کو روک کر 70 ارب روپے کی نہ صرف بچت کی بلکہ یہ رقم ترقیاتی فنڈز کیلئے مختص کی تاکہ اس سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر، سڑکیں، ہسپتال، یونیورسٹیاں اور کالج و پارکس بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ جب انڈسٹری چلتی ہے تو غریب کے گھر کاچولہا جلتا اورمعاشرے میں حقیقی تبدیلی آتی ہے جو اب فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ سمیت تمام صنعتی و کاروباری شہروں میں نظر آرہی ہے جہاں کاٹیج انڈسٹری سمیت ہیوی انڈسٹری فل گنجائش پر چل رہی ہے اور اور ان صنعتی سرگرمیوں میں آنیوالے دنوں میں اور اضافہ بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ حقیقی تبدیلی ہے جس کا وعدہ عمران خان نے عوام سے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی شعبہ کو بجلی، گیس، ٹیکسز، جی ایس ٹی، کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس،ون ونڈو پروگرام،ایف بی آر انیشی ایٹوز کے ذریعے ریلیف سمیت سٹیٹ بینک کے ذریعے سرمایہ فراہم کیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب وزیراعظم کا چہرہ کھل کر مسکراہٹ میں تبدیل ہوگیا ہے کیونکہ انہوں نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اب اس کی تکمیل ہورہی اور ملک مشکل حالات سے نکل آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ریوائیول کے بعد دوسرے مرحلہ میں کنٹی نیوٹی اور تیسرے مرحلہ میں سسٹین ایبیلیٹی حکومت کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ شاندار ٹیکس کولیکشن حکومت پر عوام کے اعتماد کی مظہر ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ ہمارے حکمران کرپٹ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران کان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار عوام کی پائی پائی کے محافظ اور قومی خزانے پر خود پہرہ دے رہے ہیں تاکہ ایک پیسے کی بھی مس مینجمنٹ نہ ہوسکے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ حکومت ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے بڑے بڑے منصوبوں پعر عمل کررہی ہے اور ایسا سسٹم وضع کیا گیا ہے کہ ہر ضلع میں یکساں ترقی ہو اور اگر ماضی میں کسی ضلع کو کم فنڈ ملے تو اب وہ کمی پوری کی جائے اس طرح تمام اضلاع برابر کی سطح پر ترقی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہی عمران خان کا نعرہ تھا کہ اب دو نہیں ایک پاکستان ہوگا اور تمام سہولیات بھی سب کیلئے ایک جیسی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاورٹی سکور انڈکس کے مطابق ترقیاتی سکیموں میں ایکسٹرا حصہ ملنے سے تمام شہر برابر ترقی کریں گے اور کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں فیصل آباد کی سیاست میں گندگی بکھیرنے اور نانا جی کا مال سمجھ کر سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں نے کرپشن کی تاریخ کو شرما کر رکھ دیا اور نہ صر ف سرکاری زمینوں پر قبضے کئے بلکہ کمرشل اراضی کو سیاسی و ذاتی مفادات کیلئے خود بھی استعمال کیا اور دوسروں سے بھی بندر بانٹ کی مگر اب ان میں سے ایک لندن بھاگ کر اپنے سیاسی آقا کے پاؤں دبانے میں مصروف ہے اور دوسرا یہاں اپنی کرپشن چھپانے کیلئے سرگرداں اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہے مگر وہ وزیر اعظم کو بلیک میل نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان سیاسی گیدڑوں اور جونکوں نے دیمک کی طرح وسائل کو شہد سمجھ کر چاٹا لیکن اب ان کا یوم حساب قریب ہے اور ان سے اربوں روپے مالیت کی 6 ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ن لیگ کی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں لیکن حکومت ان سے بلیک میل نہیں ہوگی نہ ہی ان کے خلاف منشیات کا کیس رکے گا۔انہوں نے تمام شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر عمل جاری رکھنے کی بھی تلقین کی اور کہا کہ ہیلتھ کیئر سی ایم پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور ہیلتھ سیکٹر میں درپیش چیلنجز پر کام ہورہا ہے نیزویکسین کی سپلائی بھی ہر حال میں یقینی بنائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر لیڈرشپ ٹھیک ہو تو نیچے والے خود بخود ٹھیک ہوجاتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے کارکنان نے ہمیں بہت عزت دی اسلئے اب ہم بھی ان کا حق ادا کریں گے کیونکہ یہی ہماری طاقت ہیں اور ہم نے ا س طاقت میں مزید اضافہ کرنا ہے۔

قبل ازیں انہوں نے صحافیوں کو کوروناسے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگا کر کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئرمین چوہدری فیض اللہ کموکا، صوبائی وزیر ثقافت و کالونیزمیاں خیال احمد کاسترو، کمشنر فیصل آباد ثاقب منان، ڈپٹی کمشنر محمد علی، سی سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول، ایوب بخاری، پریس کلب فیصل آباد کے صدرجی اے تنویر، سیکرٹری ساجد علی خان اور دیگر عہدیداران و ممبران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔