مانسہرہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے مانسہرہ پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
مانسہرہ پولیس کے مطابق فلیگ مارچ میں ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ایس پی انویسٹی گیشن شیراز خان، ایس پی ٹریفک شاہنواز خان، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور کیو آر ایف کے علاوہ ٹریفک پولیس نے شرکت بھی کی۔ فلیگ مارچ تھانہ سٹی سے شروع ہو کر مانسہرہ بازار، غازی کوٹ، مانسہرہ بائی پاس اور لاری اڈہ سے ہوتا ہوا واپس زیرو پوائنٹ پر اختتام پذیر ہوا۔
ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانا ہے اور قانون شکن عناصر کو پیغام دینا ہے کہ مانسہرہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پوری طرح الرٹ ہے اور ضلع کا امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔