مانچسٹر۔ (اے پی پی) بابر اعظم کی شاندار ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالئے، پاکستان کے پہلے دو کھلاڑی 43 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر قیمتی 96 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کے مجموعی سکور کو 139 رنز تک پہنچا دیا، بابر اعظم ناقابل شکست 69 اور شان مسعود 46 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں، میچ کا پہلا روز بارش اور خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیا اور 49 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، انگلینڈ کی طرف سے کرس ووکس اور جوفرا آرچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ بدھ کو مانچسٹر کے مقام پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی تو پاکستان کی طرف سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز آغاز کیا، پاکستان کا آغاز کچھ خاص نہ تھا، عابد علی 16 رنز بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 15.4 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کا سلسلہ شرو ع ہوگیا اور کھیل روک دیا گیا، دوبارہ کھیل شروع ہوا تو کپتان اظہر علی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کئے بغیر پویلین لوٹ گئے ، وہ بغیر کوئی رن بنائے کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے اس وقت پاکستان کو مجموعی سکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز تھا۔ اس کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود نے انتہائی محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر قیمتی 96 رنز بناکر اپنی ٹیم کو مجموعی سکور 139 رنز تک پہنچا دیا۔ بارش کی وجہ سے پہلے روز کا کھیل متاثر ہوا اور پہلے روز 49 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ بارش اور خراب روشنی کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کا کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالئے تھے۔ بابر اعظم 69 اور شان مسعود 46 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے کرس ووکس اور جوفرا آرچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅ ٹ کیا۔