ماہ ذوالحجہ 1443ھ کا چاند نظرنہیں آیا، یکم ذوالحجہ 1443ھ یکم جولائی 2022 کو ہوگی

88

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):ماہ ذوالحجہ 1443ھ کا چاند نظرنہیں آیا، یکم ذوالحجہ 1443ھ یکم جولائی 2022 بروزجمعتہ المبارک کو ہوگی، عیدالاضحی 10جولائی 2022 بروز اتوار کو ہو گی۔ ماہ ذوالحجہ1443ھ کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزرات مذہبی امور سے حافظ عبدالقدوس نے جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضی نے اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین اور پاکستان نیوی سے کمانڈر منظور نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔

مرکزی رویت کمیٹی پاکستان کے اجلاس میں مولانا حافظ عبدالغفور، علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا محمد یسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی علی اصغر عطاری، علامہ سید علی کرار نقوی، مفتی ضمیر احمد ساجد، مفتی فیصل احمد، مفتی یوسف کشمیری، مفتی قاری مہر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، مفتی فضل جمیل رضوی، مولانا اسد زکریا قاسمی، پیر سید شاہد علی جیلانی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران قاری محمد اقبال، حافظ محمد سلفی، مولانا مفتی صابر حسین، قاری نذیر احمد نعیمی اور دیگر علما کرام شامل تھے،

اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں منعقد ہوئے جس میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع آبر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا، پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ ذوالحجہ کے چاند کے نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

پورے ملک میں عدم رویت رہی اور چاند نظر نہیں آیا لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذوالحجہ 1443ھ یکم جولائی 2022 بروز جمعتہ المبارک کو ہوگی اور عیدالاضحی 10 جولائی 2022 بروز اتوار کو ہو گی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ تمام اہل اسلام اور پوری قوم کو عید الاضحی کی خوشیاں مبارک ہوں، اللہ تعالی وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت عطا فرمائے، ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے۔

اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام ترقی و خوشحالی، اتحاد و وحدت اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔