اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں اور ہم عوام اور انتظامی اداروں کی مدد سے متاثرین کی جلد از جلد بحالی میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وہ کمشنر ہائوس سکھر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اہم اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایم پی اے سید اویس قادر شاہ ،ایم این اے نفیسہ شاہ ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ، ایم این اے پیر فضل شاہ کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، ڈی آئی جی سکھر, ايس ايس پی سکھر، ای ڈی او ہیلتھ، ای ڈی او ایریگیشن اور میونسپل کارپوریشن کے افسران سمیت دیگر متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک حالیہ بارشوں کی وجہ سے متاثر ہوا ہے مگر سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور سیلاب اور بارشوں سے لاکھوں لوگ نہ صرف بے گھر ہوئے ہیں بلکہ وہ اپنے مال و اسباب، مال مویشی، تیار فصلوں اور اثاثہ جات سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی نقصان کے علاوہ بہت سی قیمتی جانوں کا ناقابل تلافی نقصان بھی انتہائی دکھ کا باعث ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ متاثرین کی مدد کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ زرعی زمین ناقابل کاشت ہو چکی ہے اور لاکھوں مویشیوں کی ہلاکت اور اور تیار فصلوں کا نقصان اس کے علاوہ ہے۔ اسی طرح سیلاب زدہ علاقوں میں صحت اور خوراک کے مسائل سے نمٹنا بھی ایک چیلنج ہے اور ہم اس چیلنج سے نبرد آزما ہیں، اس ضمن میں ہماری مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ حالات بہتری کی جانب چل پڑے ہیں اور انشااللہ بہت جلد حالات بہت بہتر ہو جائیں گے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے قوم کا جذبہ قابل تحسین ہے اور اسی جذبے کی بدولت ہم تمام تر مشکلات پر قابو پاکر واپس خوشحال زندگی کی طرف لوٹ آئیں گے۔