محرم الحرام کے دوران حکومت سندھ اور پولیس کے ہر شعبہ نے سکیورٹی امورذمہ داری سے سرانجام دیئے، آئی جی سندھ

59
محرم الحرام کے دوران حکومت سندھ اور پولیس کے ہر شعبہ نے سکیورٹی امورذمہ داری سے سرانجام دیئے، آئی جی سندھ

کراچی۔ 06 جولائی (اے پی پی):انسپکٹرجنرل پولیس (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران حکومت سندھ اور پولیس کے ہر شعبہ نے سکیورٹی و انتظامی امور بطریق احسن،محنت،لگن اور ذمہ داری سے سرانجام دیئے ہیں۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے یومِ عاشور کے دوران غیرمعمولی سکیورٹی اقدامات پر سندھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے تمام افسران و جوان،یوم عاشورہ تک شب و روز مستعد و متحرک رہے۔

انہوں نے کہا کہ مجالس،جلوسوں اور مذہبی تقاریب کے لئے سیکورٹی کلیئرنس سمیت ٹریفک کے مجموعی انتظامات بھی تسلی بخش رہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کے لئے جدیدٹیکنالوجی سمیت فضائی نگرانی اور لوکل انٹیلیجنس کا بھی بھرپور طریقے سے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کے دوران تمام مکاتب فکر کے علما،ذاکرین، مشائخ،اکابرین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے مکمل تعاون پر شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے تمام یونٹس و ضلعی پولیس بشمول ٹریفک پولیس،ایس ایس یو،آر آر ایف، ایس پی یو، سٹی ٹی ڈی،سی آئی اے،اسپیشل برانچ،ٹیلی کمیونیکیشن،آئی ٹی،ٹریننگ سینٹرز و دیگر کا سیکیورٹی اقدامات میں کردار قابل ستائش رہاہے۔