محرم الحرام ہمیں قربانی، صبر، حق گوئی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

7

پشاور۔ 27 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے محرم الحرام 1447ھ کا چاند نظر آنے پر اپنے پیغام میں تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں کو ماہِ محرم کی آمد پر اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام نہ صرف اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور مقدس مہینہ ہے بلکہ یہ ہمیں قربانی، صبر، حق گوئی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا واقعہ کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ اصولوں پر قائم رہتے ہوئے کسی بھی قیمت پر حق کا ساتھ دینا ہی حقیقی کامیابی ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے تمام علماء، ذاکرین، خطباء اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے برداشت، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں۔اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ملک دشمن عناصر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں،

لہٰذا تمام مکاتب فکر کو ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا. گورنر خیبر پختونخوا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کےلیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام اپنے مذہبی فرائض اور رسومات کو پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔ اُنہوں نے دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پاکستان کےلیے امن، سلامتی اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آئے۔