محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد

115

ملتان۔ 19 مارچ (اے پی پی):محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں تعلیمی اداروں کو نشے کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے مشن کے تحت”منشیات کی لت کے خلاف” کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔بدھ کے روز کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی،ینگ سٹوڈنٹس پیس سوسائٹی اوراینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو ابیوز کمیٹی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے سینیئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا جس میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، فیکلٹی ممبران اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس ملتان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عدیل، ڈپٹی سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر کاشف حسین اور سائیکالوجسٹ مصباح صغیر سمیت دیگر ماہرین نے سیمینار سے خطاب کیا اور شرکاء کو نوجوان نسل اور معاشرے کو منشیات کے مہلک اثرات، ان کی پہچان اور بچاؤ کے مؤثر طریقوں سے روشناس کرایا۔ماہرین نے منشیات کی مختلف اقسام،ان کی قانونی و سماجی پیچیدگیاں نیز ان سے بچنے کے لیے عملی تجاویز بھی پیش کیں جبکہ منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے طبی اور نفسیاتی مسائل پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی گئی۔