لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں معصوم پرندوں کے غیر قانونی شکار اورکاروبار کیخلاف شدید ترین کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔ منگل کو جاری بیان میں ترجمان محکمہ جنگلی حیات نے کہا کہ کریک ڈائون کے نتیجے میں پنجاب کے درجنوں اضلاع سے جنگلی بٹیر، فالکن اور طوطوں کے 41غیر قانونی شکاری و تاجر گرفتار کر لئے گئے ہیں، بٹیر کے 25نیٹنگ گیئرز برآمد کئے گئے،
متعدد افراد کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے زیر کنٹرول صوبے بھر میں جاری کریک ڈائون کے نتیجے میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، ساہیوال، اوکاڑہ اور فیصل آباد سے جنگلی بٹیر، فالکن، طوطوں کے اکتالیس غیر قانونی شکاری و ڈیلر گرفتار کرکے ان میں سے 28کو چار لاکھ پچانوے ہزار روپے محکمانہ معاوضے کی مد میں جرمانہ کیا گیا جبکہ بقیہ کیخلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
مزید برآں جنگلی بٹیر کیلئے نصب 25 نیٹنگ گیئرز بھی برآمد کرلئے اور تحویل میں لئے گئے ہزاروں جنگلی پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردیے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ساہیوال ریجن نوید طارق نے بٹیرکے دو، فالکن کا ایک نیٹنگ گیئرز برآمد کئے، ایک شکاری جنگلی بٹیر اور فالکن گرفتارکیا اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف رحیم یار خان سلطان انجم نے بٹیر کے چھ نیٹنگ گیئرز برآمد کئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن تنویر احمد جنجوعہ نے جنگلی بٹیروں سے بھرے ایک کریٹ کو سمگل ہونے سے بچا لیانیز ایک شکاری جنگلی بٹیر گرفتار کرکے سامان قبضے میں لے لیا۔
خصوصی ریجنل سکواڈ لاہور نے قصور سے بٹیر کاایک نیٹنگ گیئر برآمد کرلیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف خوشاب رانا اشفاق نے قائد آباد سے فالکن کے تین ڈیلر گرفتارکرکے کیس عدالت میں بھیجا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف چکوال نے ایک شکاری ناجائز شکار بٹیر کا چالان کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سالٹ رینج ریجن زاہد علی کے ہمراہ چکوال میں پرندوں طوطوں کے دو غیر قانونی ڈیلرز گرفتار، بیس ہزار جرمانہ کیا گیا۔16طوطے دھرابی ڈیم کے اطراف میں آزاد جبکہ بقیہ چھ طوطوں کو پر آنے پر آزاد کیا جائےگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد نے راولپنڈی سٹاف کے ہمراہ جنگلی بٹیر کے 12غیر قانونی ڈیلرز کو گرفتار کرکے 11ڈیلرز کو ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے جرمانہ جبکہ ایک مقدمہ عدالت بھیج دیا،اٹک میں جنگلی خرگوش کے پانچ شکاری گرفتار کرکے انہیں دو لاکھ بارہ ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راجن پور سدر المنتہی نے جنگلی بٹیر کے شکار کے چار نیٹنگ گیئرز برآمد کئے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ڈی جی خان نے جنگلی بٹیر کے شکار کے پانچ نیٹنگ گیئرز برآمد کئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد عامر خان نے پرندوں کے چار غیر قانونی ڈیلرز گرفتار کرکے انہیں ساٹھ ہزار روپے جرمانہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سرگودھا ریجن عروج ظہیر نے فالکن کے چار اور بٹیر کے دو شکاری گرفتا ر کرکے انہیں اڑسٹھ ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف بھکر وسیم حیدر نے دریا خان سے فالکن کا ایک شکاری گرفتار کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نارووال ارشد ناز نے ایک دیہات کے تالاب سے پاڑہ ہرن ریسکیو رکرکے جھاٹوکے کے جنگل میں آزاد کردیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف سیالکوٹ عاصم کامران نے وڈالہ سندھواں کے ایک ہوٹل سے جنگلی پرندوں کا گوشت برآمد کرکے ملزم کو حوالہ پولیس کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ نے جنگلی بٹیر کا کاروبار کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 50 ذبح شدہ بٹیر تحویل میں لئے اور ان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔ اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف چکوال عدان علی نے بلکسر انٹر چینج پر ایک مسافر جس کی چیکنگ کے دوران بارہ زندہ بٹیر برآمد کرکے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔