سیالکوٹ۔ 6 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت (توسیع )سیالکوٹ کینٹ مرکز کی جانب سے سموگ آگاہی اور کچن گارڈننگ مہم کے سلسلہ میں زراعت آفیسر کینٹ مرکز میمونہ عزیز اور انچارج سرکل بھاگووال عمار عبداللّٰہ نے اپنی فیلڈ ٹیم کے ہمراہ کھیتوں میں کسانوں سے ملاقات کی اور ان کو دھان کی باقیات کو آگ نہ لگانے کی تلقین کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان علی خان کی ہدایت کے مطابق ٹیم نے بتایا کہ دھان کی کٹائی کبوٹا مشین سے کروائیں اور پرالی کو چارہ کے لیے استعمال کریں اور دھان کی باقیات کو روٹاویٹر کی مدد سے زمین میں ملا دیں یا گہرا ہل چا دیں اس سے زمین میں موجود نامیاتی مادے میں اضافہ ہو گا جس سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہو گا جس سے مصنوئ کھاد مثلا( یوریا ، ڈی اے پی) کی کم ضرورت پڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں کاشتکاروں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ محکمہ زراعت سے مکمل تعاون کریں کیونکہ سموگ کی وجہ سے انسانی زندگیوں پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں لہٰذا ملکی مفادعامہ کو مد نظر رکھتے ہوئے دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کیا جائے۔
بعد ازاں ٹیم مرکز کینٹ نے مقامی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا بھی دورہ کیا جہاں ٹیم نے سکول کی طالبات کو موسم سرما کی سبزیوں کی کاشت کی ترغیب دی اور اس کی اہمیت کو بیان کیا ۔نیز طالبات کو سموگ کی وجوہات اور اس کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی بھی دی۔