لاہور۔27جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کینو کی برداشت اور سنبھال بارے سفارشات جاری کر دیں ۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ملک میں ترشاوہ پھلوں کا 95فیصد حصہ صوبہ پنجاب میں سرگودھا، منڈی بہاوالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاول پور، رحیم یار خان، لیہ اور ڈیرہ غازی خان پر مشتمل ہے۔
ترشاوہ پھلوں میں سب سے زیادہ کاشت کنو کی ہے۔انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ کینو کے پودے کو پھول سےلےکر پختہ یا مکمل پھل تیار ہونے کےلئے تقریبا300 دن کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ صوبہ پنجاب میں کینو کی برداشت جنوری کے آخر سے مارچ تک کی جاتی ہے۔باغبان برداشت کرتے وقت پھل کو ڈنڈی سے توڑتے ہیں یا پھر پھل کو ہاتھ سے کھینچ کر درانتی یا قینچی سے ڈنڈی اور پتوں سمیت توڑلیا جاتا ہے یا ٹہنیاں ہلاکر پھل کو زمین پر گرایا جا تا ہے
اس طرح سے ایک تو پھل زخمی ہو جا تا ہے اور دوسرا یہ کہ درخت سے پتوں کا بہت زیادہ نقصان ہو جاتا ہے۔پھل کو زیادہ نمی میں نہ توڑا جائے تاکہ پھل کاچھلکا پھٹ جانے کی وجہ سے یا زخمی ہونے کی وجہ سے اس پر مختلف بیماریاں حملہ آور نہ ہوں جو کہ پھل کے گلنے سڑنے کا باعث بن سکیں۔ پھل کو خشک موسم میں قینچی کی مدد سے احتیاط کے ساتھ ڈنڈی کے بالکل قریب سے کا ٹا جاناچا ہیے تا کہ دوسرے پھل ڈنڈی کی وجہ سے زخمی نہ ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551970