فیصل آباد۔ 23 فروری (اے پی پی):محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں خصوصی ہیلپ لائن قائم کر دی ہے ۔
محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی اطلاع، معلومات، رہنمائی کیلئے انسداد ڈینگی ہیلتھ ہیلپ لائن نمبر 0800-99000سے رابطہ کیاجاسکتا ہے۔
انسداد ڈینگی کے ضمن میں خصوصی شعور و آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے جس کا مقصدموسم کی تبدیلی اور مچھروں کی افزائش نسل کے ایام میں عوا م الناس کو ڈینگی کے پھیلاؤ کی وجوہات، اس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے بارے میں اقدامات سے آگاہ کرناہے۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ تمام نجی، سرکاری، نیم سرکاری اداروں، دفاتر، سکولوں، کاروباری مراکز اور پبلک مقامات کے متعلقہ انتظامی افراد کا بھی فرض ہے کہ وہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے صفائی ستھرائی اور ماحول کو خشک کرنے کی مہم چلائیں تاکہ موسم بہار کی آمد کے باعث ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنا ممکن ہو سکے۔