مختلف ایونٹس میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے ، سیّد سلطان شاہ

53

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے کہا ہے کہ بھارت میں رواں سال شیڈول ورلڈ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ کے لئےڈومیسٹک سطح پر مختلف ایونٹس میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے تاہم حتمی ٹیم کا اعلان ورلڈ کپ سے قبل کیا جائے گا۔

”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ کپ رواں سال 4 سے 17 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں شرکت کیلئے بھارت کی جانب سے پاکستان پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کودعوت نامہ موصول ہوگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ڈومیسٹک ایونٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، رواں ماہ جون میں بھی آل پاکستان بلائنڈ سپر لیگ کا انعقاد ایبٹ آباد میں کیا جائے گا جس میں بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کی ٹیمیں شرکت کریں گی، اس ایونٹ میں قومی بلائنڈ کھلاڑیوں سمیت ملک بھر سے 56 کھلاڑی شرکت کریں گے،

اس ایونٹ میں بھی شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ورلڈ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 23 کھلاڑیوں کی لسٹ تیار کریں گے، اس کے بعد 17 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2017 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ میں بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔