مراسلہ سیاسی معاملہ تھا تو عمران خان اسے قومی سلامتی کمیٹی میں کیوں لیکر گئے؟، مریم نواز کی صحافیوں سے گفتگو

89

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مراسلہ سیاسی معاملہ تھا تو عمران خان اسے قومی سلامتی کمیٹی میں کیوں لیکر گئے؟، عمران خان نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے پاکستان کی سلامتی اور سکیورٹی اداروں کو دائو پر لگادیا ہے، ہماری مجبوری ہے کہ اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑتے ہیں تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔

جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، پی ٹی آئی کے معاہدے کے تحت آج پیٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر ہوتی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حکومت نے پیٹرول پر اپنی طرف سے ایک پیسہ بھی نہیں بڑھایا،عمران خان نے جاتے جاتے جو تباہی مچائی اس سے نکلنے میں مہینوں یا سال لگ جائیں گے، ملک کو اس نہج پر عمران خان لے کر آیا ہے ، ہماری مجبوری ہے کہ اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑتے ہیں تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔

سابق صدر پرویز مشرف کی واپسی سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کا ٹویٹ خالصتاً انسانی بنیادوں پر تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے سامنے نواز شریف کو 1999 میں کراچی کی عدالت نے دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی، میں اس عدالت میں موجود تھی، انہیں اٹک قلعہ میں پھینکا گیا اور جلا وطن کیا گیا، وہ اپنے والد کو دفنانے نہیں آسکے، اس وقت حکمران پرویز مشرف تھے، نواز شریف نے بہت بڑے دل کا مظاہرہ کیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف ذاتی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، انہوں نے یہ واضح کیا ہے کہ جو تکالیف انہوں نے برداشت کیں جس میں ان کے اپنے پیارے گزر گئے لیکن انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ میرا بدترین دشمن اور مخالف بھی وہ سہے جو مجھے سہنا پڑا، نوازشریف آج بھی وطن سے دور ہیں اور وطن واپس نہیں آپارہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف حکومت کا حصہ نہیں انہوں نے ذاتی حیثیت میں بات کی، جو مشرف دور میں انہیں سہنا پڑا، عدلیہ کے ساتھ کیا ہوا ، وہ عدلیہ اور وہ جانیں، نوازشریف نے یقینی بنایا کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں بات کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ماہ رانا ثنااللہ سے ڈرکر پشاور کے بنکر میں چھپے رہے، لانگ مارچ کی کال کیلئے لیڈ کرنا پڑتا ہے، لوگوں کے بچوں کو ریاست کے آگے چھوڑ کر انقلاب نہیں آتے، عمران خان کے خلاف ایک کے بعد ایک کرپشن کا اسکینڈل سامنے آرہا ہے، انہوں نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکے ڈالے لیکن یہ باتیں چھپیں گی نہیں، اس پر کیسز بنیں گے اور بننے چاہئیں، اگر کوئی انتشارکی کال دے گا تو ریاست اس کو پوری قوت سے روکے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، سخت فیصلوں کے بعد ملک کو مستحکم کرنے کیلئے وقت درکار ہے، پاکستان مقررہ وقت پر انتخابات کی طرف جائیگا، کوئی ایسی صورتحال نہیں بنائی جائے گی کہ خوامخواہ جلد الیکشن کی بات ہو۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ عوام کی قوت پر یقین رکھتی ہے، عوام کی خدمت کرتی ہے اور فیصلے کے لیے عوام کے پاس جاتی ہے۔مریم نواز نے مبینہ مراسلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہہ رہا ہے کہ یہ سیاسی معاملہ ہے،مراسلہ سیاسی معاملہ تھا تو عمران خان خود اسے قومی سلامتی کمیٹی میں کیوں لے کرگئے، عمران خان نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے پاکستان کی سلامتی اور سکیورٹی اداروں کو دائو پر لگادیا ہے۔