رباط۔10ستمبر (اے پی پی):مراکش میں تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق مراکش کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد2012ہو چکی ہے، جب کہ2059افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے1404تشویش ناک حالت میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی کارکنان گھروں کے ملبے تلے دفن افراد کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، اس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیہات ہائی اٹلس کے پہاڑی خطے کے ہیں ، امدادی کارکنان کو ان علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ متعدد چٹانی پتھر مراکش کو اٹلس کے پہاڑی سلسلے سے جوڑنے والی سڑکوں پر پڑے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں تین لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی فیڈریشن آف ریڈکراس اور ہلال احمر سوسائٹیز کی ڈائریکٹر آپریشنز کیرولین ہولٹ کے مطابق انسانی جانیں بچانے کے لیے اگلے 24 سے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پینے کی صاف پانی کی فوری فراہمی سمیت ملبے تلے دفن افراد کو زندہ بچانے کی کارروائیاں فی الحال ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔واضح رہے کہ مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے متاثرین کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے اسی تناظر میں اتوار کو ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعائیہ اجتماعات ہوئے ،مزید براں ملک میں 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔