مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ، وفاقی وزیر صحت کی پولی کلینک کے دورہ کے موقع پر گفتگو

238

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کو پولی کلینک ہسپتال کے دورہ کے موقع پرکیا۔ وفاقی وزیر نے ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر زیر علاج مریضوں کے عزیزوں نے علاج کی سہولیات بارے شکایات کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔