مریم صفدر اور بلاول زرداری کی ابو بچاؤ مہم ناکام ہو چکی ہے،اپوزیشن کا لانگ مارچ بھی رانگ مارچ ثابت ہو گا، پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب

60

فیصل آباد۔20دسمبر (اے پی پی):پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ ٹولے کی دھمکیوں میں نہیں آنے والی جبکہ مریم صفدر اور بلاول زرداری کی ابو بچاؤ مہم ناکام ہو چکی ہے یہی وجہ ہے کہ خود کو شیر کہنے والے نوازشریف بیماری کا بہانہ بنا کر لندن میں چھپے بیٹھے ہیں اور کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجودلاہور جلسہ میں ابو بچاؤ مہم بری طرح ناکام ہو چکی ہے اسی طرح اپوزیشن کا لانگ مارچ بھی رانگ مارچ ثابت ہو گا۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ جس ٹیم کا کپتان مولانا فضل الرحمان ہوں گے اس ٹیم کا بیڑا غرق ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدرصرف جھوٹ بولنے کی ماہر ہیں اوراسی شریف خاندان نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر ن لیگی سیاست کو تباہ کرنے کیلئے اکیلی ہی کافی ہیں لہٰذا مریم صفدر بھڑکیں مارنے کی بجائے اپنے خاندان کی لوٹ مارکا قوم کو حساب دیں۔ انہوں نے کہاکہ مریم صفدر قوم کو گمراہ نہیں کرسکتی کیونکہ پاکستانی عوام شریف خاندان کے سیاہ کرتوتوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ شریف خاندان نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی عوام نے شریف خاندان کا ملک دشمن بیانیہ اور منفی سیاست کو بری طرح مسترد کردیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفے اور لانگ مارچ گیدڑبھبھکیوں کے سوا کچھ بھی نہیں کیونکہ چالیس سالوں سے عوام کیلئے کچھ کیا ہوتا تو آج پی ڈ ی ایم جماعتیں سڑکوں پر خوار نہ ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا سیاسی یتیم اور بے روزگاروں کا ٹولہ جتنا مرضی شور مچا لے انہیں این آر او کسی صورت نہیں ملے گااوراپوزیشن کی چیخیں نکلتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے جبکہ سینٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ خوش آئند عمل ہے اور اس عمل سے الیکشن میں شفافیت آئے گی اور دھاندلی کا راگ الاپنے والوں کے منہ بند ہو جائیں گے۔