مریم نواز وزیراعظم عمران خان کی کامیابیوں اور عوام کی ان سے محبت کی بنا پر ذاتی انتقام اور حسد میں مبتلا ہیں، مذمت ہی کرنی ہے تو مفرور والد صاحب کی کریں،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا مریم نواز کی گفتگو پر ردعمل

47

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ مریم نواز وزیراعظم عمران خان کی کامیابیوں اور عوام کی ان سے محبت کی بنا پر ذاتی انتقام اور حسد میں مبتلا ہیں، ان کے بیانات اور بیانیے گرفتاریوں اور ضمانت کی درخواستوں کے دائر اور خارج ہونے کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں، مریم نواز بھول گئیں کہ موٹر وے اور ہوائی اڈے ان کے ابو نے گروی رکھنے کا آغاز کیا تھا، مذمت ہی کرنی ہے تو مفرور والد صاحب کی کریں۔

بدھ کو مریم نواز کی گفتگو پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت نے کہا کہ نئی اینٹ لگانے کا طعنہ وہ لوگ دے رہے ہیں جنہوں نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، عمران خان تو پاکستان کی چوری ہونے والی اینٹیں واپس لانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

زرتاج گل نے کہا کہ مریم نواز شریف پی ڈی ایم کی ناکامی اور استعفے دینے کی ڈیڈ لائن پر قوم سے جھوٹ بولنے کی ندامت سے نفسیاتی مریض بن گئی ہیں، عوام بے نامی داروں کی اصلیت کو خوب پہچانتے ہیں، انہیں بے وقوف ہرگز نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اس چیز کی تکلیف ہے کہ عمران خان نے شاندار حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کی معاشی تنزلی کے رخ کو کیوں تبدیل کر دیا ہے،اس بجٹ نے اپوزیشن کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، تاجر، صنعت کار، کسان، تنخواہ دار، مزدور تمام طبقات خوش ہیں کیونکہ ان کے معاشی حقوق کا خیال رکھا گیا ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو معاشی دلدل سے نکالا، قرضوں کی زنجیر میں جکڑی قوم کو نئی امید دی اور معاشی و انتظامی اصلاحات کا تاریخی سفر شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب پالیسیوں کے ثمرات 3.94 فیصد شرح نمو، ریکارڈ ترسیلات زر اور معاشی و تعمیرات کے شعبہ میں سرگرمیاں تیز ہونے کی صورت میں حاصل ہو رہے ہیں۔

زرتاج گل نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا مہذب اور روشن معاشرے کی بنیاد ہے، وزیراعظم عمران خان نے خواتین کو حقیقی معنوں میں بااختیار اور طاقتور بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے، پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے، ہمارے مذہب نے ہمیں جتنی آزادی دی ہے، اس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ مریم نواز کے بیانات اور بیانیے گرفتاریوں اور ضمانت کی درخواستوں کے دائر اور خارج ہونے کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں، قوم کی امانت میں خیانت کرنے والے آج کس منہ سے دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ مریم بی بی پست سوچ وہ ہے جو کرپشن کا ڈھٹائی کے ساتھ دفاع کر رہی ہے۔