اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے ناگزیر ہے ۔عالمی یوم مزدور کے موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جمعرات کو ملک کے مزدوروں کے نام ایک خصوصی پیغام میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مزدوروں کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کی بے مثال محنت اور لگن قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کی انمول شراکت کے ذریعے ہی ملک کا مستقبل تشکیل پاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے ملکی ترقی میں مزدوروں کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کارکنوں کی لگن اور عظمت کی تعریف کی۔ انہوں نے مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی عظمت قوموں کا فخر ہے۔ انہوں نے عالمی یوم مزدور پر مزدوروں کی حمایت اور انہیں بااختیار بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مزدور طبقہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کامحرک ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590919