29.4 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومعلاقائی خبریںمسئلہ کشمیرکے پر امن حل تک خطے میں امن کا قیام ممکن...

مسئلہ کشمیرکے پر امن حل تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں،پاکستان خطے میں لڑائی نہیں چاہتا، خواجہ سعد رفیق

- Advertisement -

لاہور۔2مئی (اے پی پی):مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے پر امن حل تک خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے،بغیرثبوت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانا بھارت کا وتیرہ ہے،پاکستان خطے میں لڑائی نہیں چاہتا،اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے پاکستان سے رشتے کوکمزور نہیں کر سکا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزیہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج کل افسوسناک صورتحال سے پورا خطہ گزر رہا ہے،ہندوستان میں اکھنڈ بھارت کے حامیوں کواپنی سوچ پر نظر ثانی کرنی چاہیے، بھارت نے پاکستان سے لڑائی کرکے ہمیشہ اپنا نقصان کیا،ہم خطے میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے،ایک دوسرے کو فتح کرنے کی سوچ رکھنے کے بجائے مذاکرات میں بیٹھنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت بن چکا ہے اور ایٹمی تجربے پر انڈیا نے ہی پاکستان کومجبور کیا،بھارتی قیادت کو سوچنا چاہئے کہ اس طرح کے واقعات پر مجبور نہ کرے،پہلگام واقعہ کا بینفشری کون ہے؟

- Advertisement -

پاکستان نے اس کرائسز میں ٹھیک طریقے سے کنڈکٹ کیا ،اگر پاکستان غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے تیار ہے تو بھارت کو مثبت رد عمل دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے میں لڑائی ہو اور دونوں طرف سے خون بہے ،انڈین لیڈر شپ کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے کب تک پاکستان کو انگیج رکھنا ہے،اگر جنگ چھڑ گئی تو بھارت پاکستان سے کہیں زیادہ خسارے میں رہے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، مسئلہ کشمیرکے پر امن حل تک خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے،اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود اکھنڈ بھارت کے حامی کشمیریوں کے پاکستان سے رشتے کوکمزور نہیں کر سکے ، اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے متعلق کشمیر میں استصواب رائے پر بات ہونی چاہئے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591541

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں