28.2 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومتجارتی خبریںمسابقتی اپیلٹ ٹربیونل کا کراچی کے ڈیری فارمرز کو دودھ کی قیمتوں...

مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل کا کراچی کے ڈیری فارمرز کو دودھ کی قیمتوں میں گٹھ جوڑ ختم کرنے کا حکم

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل نے کراچی کی تینوں ڈیری فارمر ایسوسی ایشنز کے مرکزی عہدیداران کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں دودھ کی قیمتوں کے تعین میں گٹھ جوڑ سے باز رہنے اور اس سلسلے میں تحریری یقین دہانی جمع کرانے کا حکم دیا ہے تاہم ٹربیونل نے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشنز کے مرکزی عہدیداران کی درخواست پر عائد جرمانوں میں کمی کرتے ہوئے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر اور کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے حاجی سکندر نگوری کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مسابقتی کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قبل ازیں مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ان دونوں عہدیداران پر بالترتیب 10 لاکھ روپے اور 5 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے تھے۔

واضح رہے کہ مسابقتی کمیشن نے گزشتہ برس کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں اچانک اضافے کی اطلاعات کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا تھا جس میں ڈیری ایسوسی ایشنز بندھی، منڈی، تھوک اور پرچون سمیت ہر سطح پر قیمتوں میں اضافے میں براہ راست ملوث پائی گئی تھیں۔

- Advertisement -

تحقیقات میں ثابت ہوا تھا کہ مذکورہ ایسوسی ایشنز نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر زبردستی اطلاق کے لئے دباؤ ڈالا اور دودھ کی سپلائی روکنے کی دھمکی دی۔اس ضمن میں مسابقتی کمیشن نے ویڈیو شواہد حاصل کئے تھے جس میں شاکر عمر گجر کو کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرنے کے لئے ڈیری فارمرز کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

مزید برآں کمیشن نے دیگر شواہد بھی حاصل کئے جن کے ذریعے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اعلان کردہ قیمتیں پورے شہر میں نافذ کی گئی تھیں۔تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دودھ کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کے لئے اسے آئس فیکٹریوں میں ذخیرہ کیا جاتا تھا اور بعد میں سندھ کے دیہی علاقوں میں مہنگے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔ ان غیرقانونی اقدامات کے ذریعے دودھ کی سپلائی چین میں خلل اور صارفین پر بوجھ ڈالا گیا۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کی کاروباری ایسوسی ایشنز کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ انہیں چاہئے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کو تجارتی لحاظ سے حساس معلومات کے اشتراک یا مسابقت مخالف اقدامات کی سہولت کاری کے لئے استعمال نہ ہونے دیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592767

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں