مسابقتی کمیشن کی کاروباری گٹھ جوڑ اور گمراہ کن مارکیٹنگ کے خلاف کارروائیاں

46
Competition Commission of Pakistan
Competition Commission of Pakistan
اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے مارکیٹ میں منصفانہ کاروباری سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے مالی سال 2024-25 میں قیمتوں میں اضافہ کے لئے کاروباری گٹھ جوڑ اور کارٹل بنانے، مارکیٹ میں سپلائی پر کنٹرول ہونے کے غلط استعمال اور گمراہ کن تشہیر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔کمیشن نے اس سال 24 نئی انکوائریاں شروع کیں جن میں 11 کارٹل اور کاروباری گٹھ جوڑ اور 13 گمراہ کن مارکیٹنگ سے متعلق تھیں۔ کمیشن نے 14 انکوائریاں مکمل کیں اور جنہیں باقاعدہ قانونی کارروائی کے لیے بھجوا دیا گیا۔ مارکیٹ کے جن شعبوں میں انکوائریاں کی گئیں ان میں ای کامرس، ٹیلی کمیونیکیشن، ایوی ایشن، سٹیل، ٹرانسپورٹ، گھی و کوکنگ آئل، فارماسیوٹیکلز، تعمیرات، اجناس اور تعلیم شامل ہیں۔مارکیٹ میں کارٹل بنانے اور مارکیٹ پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کو روکنے کے سلسلے گزشتہ مالی سال میں 11 نئی انکوائریاں شروع کی گئیں۔ ان میں ای کامرس، ٹیلی کمیونیکیشن، ایوی ایشن، سٹیل، ٹرانسپورٹ، گھی
کوکنگ آئل اور گیس کے شعبے شامل تھے۔ گزشتہ سے پیوستہ سال سے جاری 10 انکوائریاں بھی زیر تفتیش رہیں۔ کمیشن کے کارٹل کے محکمہ نے مجموعی طور پر 9 انکوائریاں مکمل کیں۔ کارٹل کے اہم کیس میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو سٹیل سٹرکچر سپلائی کرنے والے دس سٹیل سپلائرز کے مبینہ کارٹل کے خلاف کارروائی کی گئی جو کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹینڈرز میں بولی فکس کرنے میں ملوث تھے۔ ایک اور بڑا کیس دو بڑی فلیٹ سٹیل بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے گٹھ جوڑ کے ساتھ قیمتیں فکس کرنے کا تھا۔ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ٹرانسپورٹرز گڈز ایسوسی ایشن اور لوکل گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی کی گئی جو پورٹ قاسم سے سامان کی نقل و حمل کے لیے گٹھ جوڑ بنا کر کرائے مقرر کرنے میں شامل تھیں۔ کیبل انڈسٹری میں معروف کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کی گئیں جنہوں نے اپنے ڈیلرز کو ایک مخصوص قیمت سے کم پر رعایت دینے سے روکا جو کہ ری سیل پرائس مینٹیننس کے تحت ممنوعہ معاہدہ تصور کیا جاتا ہے۔
مسابقتی کمیشن کے آفس آف فیئر ٹریڈ نے گمراہ کن تشہیر میں ملوث کاروباری اداروں کے خلاف 13 نئی تحقیقات شروع کی گئیں جبکہ گزشتہ سال سے جاری 8 انکوائریاں بھی زیر تفتیش رہیں۔ آفس آف فئیر ٹریڈ نے مجموعی طور پر پانچ تحقیقات مکمل کیں جن میں دو فارماسیوٹیکل اور ایک ایک تعمیرات، اجناس اور تعلیم کے شعبے میں شامل تھیں۔گمراہ کن تشہیر کے نمایاں کیسز میں اے آر امریلی بلڈرز کے خلاف امریلی سٹیلز کے ٹریڈ مارک کے غیر مجاز استعمال، پینتھر ٹائرز کے خلاف "پاکستان کا نمبر 1 ٹائر” ہونے کا گمراہ کن دعویٰ اور ایف ایس کاسمیٹکس کے خلاف ڈابر آملہ ہیئر آئل کی پیکجنگ کی نقل پر کارروائیاں شامل تھیں۔کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں گٹھ جوڑ کرنا یا کارٹل بنانا ، بڑی کمپنیوں کا اپنی پوزیشن کا غلط استعمال اور گمراہ کن تشہیر جیسے رویے صارفین کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور مارکیٹ میں منصفانہ مقابلہ کے ماحول کو خراب کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسابقتی کمیشن ان رویوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔