22.5 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںمسابقتی کمیشن کے زیراہتمام مسابقتی قوانین کی اہمیت بارے سیشن کا انعقاد

مسابقتی کمیشن کے زیراہتمام مسابقتی قوانین کی اہمیت بارے سیشن کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی )نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے تعاون سے کراچی میں کاروباری برادری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مسابقتی قوانین کی اہمیت پر ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن میں ممبر کمپٹیشن کمیشن بشریٰ ناز ملک کے علاوہ مریم پرویز اور ملیحہ قدوس نے بھی شرکت کی۔ او آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل نے مسابقتی کمیشن کے وفد کا خیرمقدم کیا اور سیشن کے انعقاد کے لئے کمیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ سی سی پی کے مطابق اس موقع پر اپنے خطاب میں ممبر کمیشن بشریٰ ناز ملک نے مسابقتی کمیشن کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ، چینی، پنکھا ساز اداروں اور فلیٹ سٹیل سمیت مختلف شعبوں میں غیر مسابقتی سرگرمیوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کو اجاگر کیا۔

سیکرٹری کمپٹیشن کمیشن مریم پرویز نے سیشن کے شرکاء کو کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے اہم نکات خصوصاً گمراہ کن مارکیٹنگ اور مرجرز اینڈ ایکویزیشنز بارے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ ان اقدامات کی بدولت گزشتہ برس ملک میں 42 ارب روپے سے زائد کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی۔ سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر سی سی پی ملیحہ قدوس نے شرکاء کو مارکیٹ میں غلبے کے غلط استعمال اور کارٹل سازی جیسے ممنوعہ معاہدوں کے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا۔او آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں منصفانہ مسابقت اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کمپٹیشن کمیشن کے کردار کو سراہا اور مستقبل میں کاروباری برادری کے لئے مزید آگاہی سیشنز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔سیشن کے آخر میں سوال و جواب کی نشست میں فارماسیوٹیکل، ایف ایم سی جی اور انجینئرنگ شعبوں سے وابستہ نمائندگان کے تسلی بخش جواب دیئے گئے اور ان کے ساتھ کمپٹیشن قوانین، کارٹل کی نشاندہی کے طریقہ کار اور مصنوعی ذہانت کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں