مسافروں کو آرام دہ اور معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈی ایس ریلوے لاہور

74
پاکستان ریلویز

لاہور۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے اپنے معزز مسافروں کو آرام دہ اور بہترین و معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے اور اس سلسلے میں ریلوے لاہور ڈویژن کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر مختلف بڑے ریلوے سٹیشنوں پر بینچز لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق لاہور اور پتوکی ریلوے سٹیشنوں سے بینچز لگانے کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کے حوصلہ افزا اقدامات کے نتیجے میں لاہور، رائیونڈ، کوٹ لکھپت، اوکاڑہ، پتوکی، نارووال، گجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، ننکانہ صاحب، قلعہ شیخوپورہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت گوجرہ ریلوے سٹیشنوں پر 150بینچز لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ مسافروں کے زیادہ رش والے دیگر تمام ریلوے سٹیشنوں پر بھی بہت جلد بینچز لگائے جائینگے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ریلوے سٹیشنوں پر بینچزلگانے کا مقصد مسافروں کو ریلوے سٹیشنوں پر دستیاب سہولیات میں اضافہ کرنا ہے، ریلوے کو معقول ریونیو دینے بالخصوص بڑے ریلوے سٹیشنوں پر سہولیات میں اضافے کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے لاہور محمد حنیف گل کا کہنا تھا کہ مسافروں کو ریلوے سٹیشنوں سمیت ٹرینوں میں آرام دہ اور بہترین سہولیات بہم پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود مسافروں کو بہترین سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ترجمان کے مطابق ڈی ایس ریلوے نے ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر ناصر نذیر کی کاوشوں کو سراہا اور لاہور ڈویژن کی پوری ٹیم کو محکمے کی بہتری، ترقی و خوشحالی کیلئے حوصلے اور استقامت سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔