مسجد نبوی میں ہونے والا افسوس ناک واقعہ پری پلان تھا،گستاخی کرنا ،نعر ے بازی کرنا،تضحیک کرنا اور بے شرمی سے اس پر فخر کرنا لعین لوگوں کاکام ہے ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس

101

لاہور۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺ میں ہونے والا افسوس ناک واقعہ پری پلان تھا،گستاخی کرنا ،نعر ے بازی کرنا،تضحیک کرنا اور بے شرمی سے اس پر فخر کرنا لعین لوگوں کاکام ہے ،عمران خان کی ابو جہل اور بال ٹھاکرے والی سو چ ہے،ایسے لوگوں پر اللہ کا قہر نازل ہوتا ہے،ایسے لوگوں نے اپنے لیے عذاب کا گڑھا خود کھود لیا ہے ،ہم اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،یہ ناقابل معافی جرم ہے، امت مسلمہ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی،ہم کل سے احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادیات سردار ایاز صادق اور ایم پی اے خواجہ عمران نذیر بھی موجود تھے۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ یہ مافیا ہے،یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے پارلیمنٹ کی توہین کی،پی ٹی وی اور ایوان وزیر اعظم پر حملہ کیا،عمران خان ہر مکروہ دھندے میں ملوث رہا ہے،کوئی اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا،جب یہ اقتدار میں ہوتا ہے تو اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا ہے اور جب اپوزیشن میں ہوتو خانہ جنگی کرواتا اور آئین توڑتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں ہمیں جیلوں میں ڈالا لیکن کرپشن ثابت نہ کرسکے جس پر عدالتوں نے نوٹس لیا،فیصلے خلاف آنے پر ان کے منہ کالے ہوتے گئے، ہمیں چور ثابت کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے جبکہ اصل ڈاکو اور چور عمران خان ہے، ابھی تو توشہ خانہ کی کہانی سامنے آئی ہے آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، بات بڑھتے بڑھتے اب بار گاہ رسالت میں جاپہنچی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس سب سے مقدم ہے، یہ امن کے مقام ہیں، اللہ تعالیٰ نے اس کا تعین فرمادیا ہے کہ اپنی آوازوںکو نبی ۖکی آواز سے نیچے رکھو۔انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی میں ہونے والا افسوس ناک واقعہ طے شدہ تھا،شیخ رشید کے بھتیجے نے اس واقعہ کی ویڈیو اپ لوڈ کی کہ ہم نے انہیں بھگا دیا ہے جس پر پی ٹی آئی کے سابق وزرا نے ٹویٹ کیا لیکن عوامی ردعمل کو دیکھ کر ٹویٹس کو ڈیلیٹ کردیا۔انہوں نے عورت کی حرمت کا پاس بھی نہیں کیا، بارگاہ نبوت میں اس سے بد تمیزی کی ان کو شرم دلانے والا کوئی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں لگام ڈالنا آتی ہے ہم انہیں بے نقاب کریں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خط ہوا میں لہرانے کا ڈرامہ نہیں چلے گااگر تم سچے ہو تو عدالت میں غداری کے ثبوت پیش کرو۔انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے جبکہ عمران خان نے کلبھوشن کو سہولت دینے کیلئے قانون سازی کروائی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عمران خان کی جاگیر نہیں ،کبھی عمران خان اداروں کیخلاف عوام میں نفرت پھیلاتے ہیں ،عمران خان نے اتنا قرضہ لیا جتنا 73سالوں میں نہیں لیا گیااور جاتے ہوئے خزانہ خالی کرکے چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ایک ایک چیز کا حساب لیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی باقیات مشکلات پیدا کررہی ہیں اور گورنر پنجاب قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں ،وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فتنہ ہے ،یہ جمہوری سسٹم کو چلنے نہیں دیتے، پنجاب اسمبلی کے ایوان میں غنڈے لیکر آ گئے۔انہوں نے کہاکہ ہم صبر سے کام لے رہے ہیں لیکن برداشت کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں قاسم سوری کے ساتھ جو ہواوہ نہیں ہونا چاہئے تھا، حملے کریں گے تو جوابی حملے ہونگے۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سعودی عرب کے قوانین بڑے سخت ہیں اس واقعہ سے وہاں کام کرنے والے پاکستانیوں کیلئے مشکلات پیدا کی گئیں،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے، اس طرح کے واقعات کے بعد وہ ہمارے بارے میں کیا سوچیں گے،عمران خان کے ساتھی جہالت کے آخری مقام پر ہیں ،گستاخ رسول کی معافی نہیں ہوسکتی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادیات سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں لیکن وہ اپنی ذات کی خاطر اس حد تک چلے گئے ہیں کہ حرمین شریفین کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا۔انہوں نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ پر اپنی آواز بلند کریں ۔