26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںمسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز سوڈانی عوام کی نمائندگی نہیں کر...

مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز سوڈانی عوام کی نمائندگی نہیں کر رہے، متحدہ عرب امارات

- Advertisement -

دبئی ۔17اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نےبرطانیہ کی میزبانی میں سوڈان کے بارے میں لندن کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز سوڈانی عوام کی نمائندگی نہیں کر رہے ہیں۔ العربیہ کے مطابق یہ دونوں سوڈان میں استحکام نہیں لا سکتے۔ امارات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیاسی عمل کی طرف منتقلی اور ایک آزاد اور سویلین زیر قیادت حکومت کی تشکیل ہی سوڈان میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔

لندن کانفرنس میں امارات کے وفد نے جس کی سربراہی اسسٹنٹ وزیر خارجہ برائے سیاسی امور لانا نسیبہ کر رہی تھی نے بھی اس بات پر زور دیا کہ سوڈان میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی عمل میں منتقلی اور فوجی کنٹرول سے آزاد سویلین زیر قیادت حکومت کی تشکیل کے واضح ہدف کے ساتھ ایک موثر سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہیے۔

- Advertisement -

انہوں نے سوڈان میں تمام ہتھیاروں کے داخلے کی نگرانی کے لیے ایک طریقہ کار کے قیام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن، اتحاد اور امید کی بحالی پر مبنی سوڈان کے مستقبل کی تشکیل کے لیے موثر اقدامات اور اجتماعی کارروائی کرنا ضروری ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ حقیقی اور موثر اثرات مرتب کرنے کے قابل نئے میکانزم بنائے۔ اس منصوبے میں سلامتی کے خطرات سے نمٹنے اور انسانی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے نئے اقدامات کو شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا ہمیں اپنے نقطہ نظر کے ذریعے یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ سوڈان دوسرے ممالک سے الگ تھلگ نہیں ہے۔

دیرپا امن کے حصول کے لیے وسیع تر علاقائی سطح پر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا دیکھنا ہوگا کہ سوڈان دوبارہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور بین الاقوامی سمندری سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرنے والوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بن جائے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ منظم رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے اور خوراک کی امداد کو عام شہریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے لیے زیادہ مربوط انداز اپنائے۔

انہوں نے کہا ہمیں اس بات پر زور دینا چاہیے کہ خودمختاری کا من مانا استعمال قحط کا جواز پیش نہیں کر سکتا۔ نہ ہی اسے ان لوگوں کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے جو انسانی ہمدردی کی رسائی میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583220

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں