20.5 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںمسلح افواج کی طبی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے...

مسلح افواج کی طبی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا، وزارت صحت صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہی ہے، وفاقی وزیر قومی صحت

- Advertisement -

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی طبی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا، وزارت صحت صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہی ہے، بلڈ سکریننگ کے نظام کو موثر اور بہتر بنانے اور پولی کلینک ہسپتال میں جلنے والے مریضوں کے علاج کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔

جمعرات کو ترجمان وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت قومی ادارہ صحت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، قومی ادارہ صحت کے سربراہ، سی ای او ڈریپ ،تمام وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان ، اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ ،وزارتِ صحت کے سینئر افسران، ڈی جی ہیلتھ سندھ ،ڈی جی ہیلتھ کے پی اور ڈائریکٹر ہیلتھ آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں اور حکمت عملی کا جائزہ لینا تھا۔

- Advertisement -

اجلاس کےد وران وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزارتِ صحت اور اس کے ماتحت ادارے مکمل الرٹ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ناقابلِ اعتبار دشمن ہے، ہمیں ہر ممکن صورتحال کے لئے تیار رہنا ہوگا ، سی او ڈریپ ویکسینز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے دوا ساز اداروں سے فوری رابطہ کریں، سی او ڈریپ بھارت سے درآمد شدہ ادویات کے متبادل انتظامات اور جان بچانے والی ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ایچ ویکسین کی مقامی تیاری کی صلاحیت بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کرے اور وفاقی ہسپتالوں میں روزمرہ علاج میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے ۔مصطفی کمال نے تمام صوبوں سے درخواست کی کہ ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کی پیش نظر اضافی بیڈز مختص کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ صحت میں "قومی ہیلتھ ایمرجنسی سینٹر” قائم کر دیا گیا ہے جو تمام صوبوں اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہے گا ، تمام صوبے 24/7 کوئیک رسپانس سینٹر سے رابطے میں رہیں، بحران کے وقت معلومات کا بروقت تبادلہ نہایت اہم ہے ۔

انہوں نے وفاقی ہسپتالوں میں بھی اضافی بیڈز مختص کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہسپتال انتظامیہ بلڈ بینک میں خون کے وافر ذخائر اور ادویات کے سٹاک کو یقینی بنائے، بلڈ سکریننگ کے نظام کو مؤثر اور بڑھایا جائے، پولی کلینک ہسپتال جلنے والے مریضوں کے علاج کے لئے خصوصی انتظامات کرے۔

وفاقی وزیر صحت نے ملک بھر میں برن سنٹرز کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی طبی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا ، وزارت صحت صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594410

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں