لاہور/نارووال۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، ہمیشہ عوامی فلاح و ترقی کے منصوبے شروع کئے ہیں،سازشی ٹولے کی ہر سازش ناکام ہو گئی، ملک کو اب ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ ضلع نارووال میں مسیحی برادری میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیئرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم بٹ،ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا،مقامی سیاسی و سماجی شخصیات اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جب بھی اقتدار سنبھالا ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،بین الاقوامی برادری میں ملکی وقار میں اضافہ کیا،ایسی پالیسیاں بنائیں کہ نہ صرف ملکی معیشت بہتر ہوئی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری بھی آئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سابقہ دور حکومت میں ملک ترقی کی جانب گامزن تھا لیکن ایک نالائق ٹولے نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال کر رکھ دیا۔احسن اقبال نے پی ٹی آئی کی سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے چار سال پاکستان کے لیے ایک عذاب تھے،مہنگائی کا جن،جسے ہم نے بوتل میں بند کیا تھا، عمران خان کی حکومت میں باہر آگیا اور ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا۔
انہوں نے کہا ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بچایا اور مشکل فیصلوں کے باوجود پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔آج مہنگائی38 فیصد سے کم ہو کر4 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور ملکی معیشت کی سمت درست ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک لاقانونیت اور توانائی بحران میں ڈوبا ہوا تھا لیکن ہم نے ان مشکلات پر قابو پایا، ملکی معیشت بدترین حالات میں تھی لیکن ہم نے فوری اقدامات کے ذریعے اسے سنبھالا ،سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ ہوا،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ، اب ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے جس کے نتائج عوام تک منتقل ہوں گے۔احسن اقبال نے نارووال کے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نارووال آج علم کے شہر کے طور پر پہچانا جا رہا ہے،اس سال ہم نے نارووال میں میڈیکل کالج کا آغاز کیا ہے اور تعلیم کے شعبے میں ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کئے ہیں،آج نارووال میں500 گھرانوں کو امدادی چیک مل رہے ہیں جب کہ پہلے صرف90 گھرانوں کو امداد ملتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی کارڈ کی وجہ سے ہمارے اقلیتی بھائی بہنوں کو بہت بڑی نعمت ملی ہے۔اس سال ہم نے حکومت پنجاب سے نارووال کی اقلیتی برادری کے لیے ساڑھے اکتیس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کروائے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقلیتی بچوں کے لیے ای۔لرننگ پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں جبکہ2 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں سکالرشپ پروگرام میں بھی اقلیتی بچوں کا قابل قدر حصہ رکھا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552320